کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) سندھ حکومت نے صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی مؤثر مانیٹرنگ، اسپورٹس تنظیموں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور کھیلوں کے میدانوں و دیگر سہولیات کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے سیکریٹری محکمہ کھیل سندھ منور علی مہیسر کی زیر صدارت ضلعی اسپورٹس افسران کے اجلاس میں سندھ بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں، اسپورٹس تنظیموں اور کھیلوں کے میدانوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق، ڈپٹی سیکریٹری سراج احمد، کراچی ڈویژن کے ضلعی اسپورٹس افسران سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن سے صوبے بھر میں ہونے والی کھیلوں کی سرگرمیوں اور اسپورٹس تنظیموں کی تفصیلی فہرست حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
سیکریٹری کھیل سندھ نے ہدایت کی کہ تمام کھیلوں کی سرگرمیوں، کھلاڑیوں کی شرکت اور اسپورٹس تنظیموں کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے جبکہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی تنظیموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے ضلعی اسپورٹس افسران کو فعال اور غیر فعال کھیلوں کے میدانوں، اسپورٹس گراؤنڈز اور دیگر سہولیات کا مکمل ڈیٹا جمع کرکے محکمہ کو پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ غیر فعال میدانوں کو دوبارہ فعال کرنے اور کھیلوں کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جاسکے۔ منور علی مہیسر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے محکمہ کے وسائل مؤثر انداز میں بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں نظم و ضبط، شفافیت اور قانونی تقاضوں کی پابندی یقینی بنانا محکمہ کھیل کی ترجیح میں شامل ہے۔