کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن (پی ایف ڈی ایف) نے عامر کفایت کو سندھ میں ’’ترقی و فروغ رابطہ کار‘‘ مقرر کر دیا پی ایف ڈی ایف کے صدر اظہر خان برکی نے عامر کفایت کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے فیڈریشن کے لیے ان کی طویل خدمات کو سراہا عامر کفایت کئی برس سے پی ایف ڈی ایف سے وابستہ ہیں اور مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں وہ 2012 سے سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے فیڈریشن کے مجلسِ عاملہ کے رکن رہے جبکہ جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے پاکستان میں فلائنگ ڈسک کے کھیل کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عامر کفایت نے سندھ میں فلائنگ ڈسک کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے کھلاڑیوں، ٹیموں، تعلیمی اداروں، منتظمین اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں کے ساتھ مسلسل کام کیا نئی ذمہ داری کے تحت وہ سندھ بھر میں اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں فلائنگ ڈسک کے فروغ، نئے کھلاڑیوں، کوچز اور جسمانی تربیت کے اساتذہ کی حوصلہ افزائی، مقابلوں اور تربیتی سرگرمیوں کے انعقاد، کھیلوں سے وابستہ اداروں کے ساتھ روابط اور ذرائع ابلاغ سے رابطہ کاری کے امور انجام دیں گے صدر پی ایف ڈی ایف اظہر خان برکی نے کہا کہ عامر کفایت کا کھیل، صحافت، مقابلوں کے انتظام اور عوامی رابطوں کا وسیع تجربہ فیڈریشن کو سندھ میں مزید کھلاڑیوں اور تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دے گا انہوں نے امید ظاہر کی کہ عامر کفایت اپنی نئی ذمہ داری میں فلائنگ ڈسک کے کھیل کو سندھ بھر میں مزید مقبول بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔