کراچی,( رپورٹ، ذیشان حسین) ایئرسیال نے اپنے فضائی بیڑے میں 12ویں طیارے کی شمولیت کے بعد پاکستان کی بیڑے کے حجم کے اعتبار سے دوسری بڑی ایئرلائن کا اعزاز حاصل کرلیا ایئرسیال کا نیا ایئربس A320 بیرونِ ملک سے کراچی ایئرپورٹ پہنچ گیا ہے۔ نیا طیارہ ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
موجودہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) 32 طیاروں کے ساتھ ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن ہے، جبکہ ایئرسیال 12 طیاروں کے ساتھ دوسرے اور ایئربلیو 11 طیاروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ایئرسیال انتظامیہ نے بیڑے میں مزید توسیع کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نئے فضائی روٹس متعارف کرانے کے ساتھ طیاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق ایک غیر ملکی ایوی ایشن کمپنی کے ساتھ 19 طیاروں کا معاہدہ طے پاچکا ہے، جن میں سے مزید 18 طیارے مرحلہ وار ایئرسیال کے بیڑے میں شامل کیے جائیں گے ایئرسیال کی اس توسیع سے ملک میں فضائی رابطوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ہے۔