نیروبی، (اسپورٹس ڈیسک) ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں پاکستان نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے ساتویں مرتبہ ورلڈ ٹیم ٹائٹل اپنے نام کرلیا کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں منعقدہ 21ویں عالمی چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سب سے زیادہ ٹرافیاں جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، بھارت دوسرے جبکہ نائجیریا تیسرے نمبر پر رہا انفرادی مقابلوں میں آسٹریلیا کے دینتھ فرنینڈو نے عالمی اعزاز اپنے نام کیا جبکہ پاکستان کے تین کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کے احمد سلمان نے انڈر 16 اور احد صولت فاطمی نے انڈر 14 کیٹیگری کا عالمی ٹائٹل جیتا، جبکہ قومی ٹیم کے کم عمر ترین کھلاڑی تیمور وسیم نے انڈر 10 ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تیمور وسیم نے گزشتہ برس بھی انڈر 8 ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا۔
چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ پوائنٹس والا لفظ کھیلنے کا اعزاز پاکستان کے ایان حسن خان نے حاصل کیا، جبکہ احزم صدیقی نے ایک میچ میں ایونٹ کا سب سے زیادہ اسکور بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا 21ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں 11 ممالک کے 183 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔