کراچی، (رپورٹ ذیشان حسین /اسپورٹس رپورٹر) اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف سندھ (سجاس) کے وفد نے صدر محمود ریاض کی سربراہی میں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر اور ندیم عمر سے ملاقات کی اور انہیں مسلسل تیسری مرتبہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی وفد میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم، جوائنٹ سیکریٹری طارق اسلم، فنانس سیکریٹری شاہد انصاری، مجلس عاملہ کے ارکان انیس الرحمن، سہیل خان اور جنید راجپوت شامل تھے جبکہ ندیم عمر کے ہمراہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ندیم عمر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایسا مستقل ڈومیسٹک کیلنڈر مرتب کرنا چاہیے جس میں پی سی بی ایونٹس کے ساتھ کلب کرکٹ کے لیے بھی باقاعدہ ونڈو مختص ہو تاکہ گراس روٹ سطح پر کرکٹ کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کرکٹ کا مقدمہ اٹھانے پر اکثر پی سی بی کی ناراضی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے تمام ریجنز کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شامل کرنا خوش آئند اقدام ہے انہوں نے سجاس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بغیر سرکاری فنڈز کے صحافیوں کی فلاح، عمرہ، طبی امداد اور سالانہ ایوارڈز جیسی سرگرمیاں اس تنظیم کی مثالی کارکردگی کا ثبوت ہیں۔
اس موقع پر سجاس کے صدر محمود ریاض نے کہا کہ ندیم عمر کا مسلسل تیسری بار ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کا صدر منتخب ہونا کراچی کے کرکٹ آرگنائزرز کے اعتماد کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ میں ندیم عمر کا کردار قابل تحسین ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پلیٹ فارم سے متعارف ہونے والے کئی جونیئر کھلاڑی آج پاکستان کے نمایاں اسٹار کرکٹرز بن چکے ہیں ملاقات کے اختتام پر سجاس کے وفد نے ندیم عمر کو گلدستہ پیش کیا اور سندھ کی ثقافت کی علامت اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ بھی دیا۔