کراچی، (ویب ڈیسک) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بدنام زمانہ منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری کو پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھی اور پورے پاکستان میں منشیات کی ترسیل و سپلائی کے منظم نیٹ ورک کو چلا رہی تھی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ نیٹ ورک نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیلنے میں ملوث تھا، جبکہ حکومت سندھ منشیات فروش عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کامیاب کارروائی پر پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔
شرجیل انعام میمن نے گزشتہ روز عدالت میں پیش آنے والے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور موقع پر موجود دو پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔