کراچی، (نیوز ڈیسک) ایمریٹس گروپ نے مالی سال 2025-26 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6.6 ارب امریکی ڈالر کا ٹیکس سے قبل ریکارڈ منافع حاصل کر لیا ہے، جبکہ گروپ نے دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش ایئرلائن کی حیثیت بھی برقرار رکھی ہے۔
31 مارچ 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال میں گروپ کی مجموعی آمدن 41 ارب ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح کیش بیلنس 16.2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ EBITDA 11.2 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ایمریٹس ایئرلائن نے اس سال 6.2 ارب ڈالر منافع حاصل کیا، جبکہ آمدن 35.7 ارب ڈالر رہی۔ ایئرلائن کے کیش اثاثے تاریخ کی بلند ترین سطح 15 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
گروپ کے ذیلی ادارے ڈناٹا نے بھی مضبوط کارکردگی دکھاتے ہوئے 437 ملین ڈالر کا ٹیکس سے قبل منافع اور 6.4 ارب ڈالر کی ریکارڈ آمدن حاصل کی۔ عالمی سطح پر فضائی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث کارگو اور گراؤنڈ ہینڈلنگ آپریشنز میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
گروپ نے اپنے سرمایہ کاری منصوبوں کے تحت 4.9 ارب ڈالر جدید طیاروں، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر پر خرچ کیے، جبکہ ملازمین کی تعداد بڑھ کر 130,919 تک پہنچ گئی ایمریٹس گروپ کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود یہ نتائج کاروباری ماڈل کی مضبوطی اور ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی کا ثبوت ہیں۔
مالی سال کے دوران متحدہ عرب امارات میں ٹیکس قوانین میں تبدیلی کے باعث گروپ کا بعد از ٹیکس منافع 5.7 ارب ڈالر رہا، تاہم مجموعی طور پر گروپ نے مسلسل ترقی کا رجحان برقرار رکھا۔