ایبٹ آباد، (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کے اشتراک سے وہیل چیئر ٹینس ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت کوچنگ کیمپ کا آغاز ایبٹ آباد میں کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ گزشتہ بیس روز کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں سرگرم عمل ہے اور ایبٹ آباد اس سلسلے کا تیسرا بڑا مرکز بن گیا ہے۔
ایبٹ آباد کلب ہزارہ ڈویژن میں منعقدہ اس کیمپ کے پہلے روز چار وہیل چیئر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اس سے قبل لاہور اور فیصل آباد میں بھی ایسے ٹیلنٹ ہنٹ کیمپس منعقد کیے جا چکے ہیں، جہاں تیس سے زائد معذور کھلاڑیوں نے شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا اور منتخب کھلاڑیوں کو مزید تربیت کے لیے شامل کیا گیا۔
یہ کوچنگ کیمپس آئی ٹی ایف کے وہیل چیئر ڈیپارٹمنٹ اور پی ٹی ایف کے زیر اہتمام منعقد کیے جا رہے ہیں جبکہ ایبٹ آباد کیمپ کی نگرانی خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کر رہی ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر اور ایشین ٹینس فیڈریشن وہیل چیئر ٹینس کمیٹی کے رکن محمد خالد رحمانی نے خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عمر ایاز خلیل کی کاوشوں کو سراہا اور ایبٹ آباد کلب انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیمپ کے انعقاد میں سہولت فراہم کی۔
کیمپ میں ناصر محمود بطور کوآرڈینیٹر جبکہ فیصل محمود بطور کوچ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں فیصل محمود، حنیف مغل، ہاشم حسین، سید نور حسین شاہ، عباس احمد، محمد ریاض اور اشتیاق حسین شامل ہیں۔
پی ٹی ایف کے حالیہ جنرل باڈی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بھی اسی نوعیت کا وہیل چیئر ٹینس کوچنگ کیمپ منعقد کیا جائے گا تاکہ خصوصی کھلاڑیوں کو ملک بھر میں مساوی کھیل کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی ایف 2025 اور 2026 کے ابتدائی مہینوں میں پشاور، کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص سمیت مختلف شہروں میں ایسے کیمپس اور ٹورنامنٹس منعقد کر چکی ہے۔ پاکستانی کھلاڑی سری لنکا میں ہونے والے آئی ٹی ایف وہیل چیئر ٹینس ایشین کوالیفائنگ ایونٹس میں بھی دو مرتبہ شرکت کر چکے ہیں۔