کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی محنت و لگن کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم مئی ہمیں محنت کش طبقے کی قربانیوں، جدوجہد اور حقوق کے تحفظ کی یاد دلاتا ہے اور یہ دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ مزدوروں کے حقوق کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے محنت کش ملازمین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور ان کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق شہر کی صفائی، نکاسی آب، پارکس کی دیکھ بھال اور دیگر شہری خدمات میں مزدوروں کا کردار نہایت اہم ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، حفاظتی اقدامات اور بہتر کام کے ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ایک مسلسل ذمہ داری ہے جسے ہر سطح پر نبھانا ضروری ہے۔