کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ حکومت نے سکھر میں کامیاب آغاز کے بعد حیدرآباد میں بھی پنک اسکوٹیز کی جلد تقسیم کا اعلان کیا ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یہ اقدام خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں باعزت، محفوظ اور خود مختار سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنک اسکوٹیز کے ساتھ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں سہولت، ہیلمٹ کی فراہمی اور باقاعدہ تربیت بھی دی جا رہی ہے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ سڑکوں پر سفر کر سکیں۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ حکومت عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو بھی تیزی سے وسعت دے رہی ہے۔ سکھر اور شکارپور کے بعد پیپلز بس سروس کا نیٹ ورک مزید اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور روٹس پر بھی جلد سروس شروع کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں کوہسار حیدر چوک اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر بھی پیپلز بس سروس جلد فعال کی جا رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو سستی، معیاری اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ سندھ حکومت ایسے اقدامات جاری رکھے گی جو براہ راست عام آدمی، خصوصاً خواتین، نوجوانوں اور محنت کش طبقے کے معیارِ زندگی میں بہتری لائیں۔