کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں حکومت سندھ کے تحت قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے نئے اسٹیٹ آف دی آرٹ او پی ڈی بلاک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد سندھ نے ثابت کر دیا ہے کہ صوبائی حکومت شعبہ صحت عامہ کو وفاقی حکومت سے بہتر چلا سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے نئے بلاک سے مریضوں کی تعداد اور سہولیات میں اضافہ ہوگا اور ادارہ دنیا کے سب سے بڑے مفت علاج معالجہ کے نیٹ ورک کا حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صحت کے شعبے میں حاصل کردہ کامیابیوں اور مختلف اشتراکات جیسے سائبر نائف ٹیکنالوجی اور چلڈرن ایمرجنسی ریسپانس نیٹ ورک کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں ٹیکس اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا اور صوبوں کو ٹیکس اکٹھا کرنے کے مزید اختیارات دینے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت دیگر صوبے جی ایس ٹی کلیکشن میں وفاقی ریکارڈ توڑ چکے ہیں اور اگر صوبے اضافی ٹیکس اکٹھے کریں تو یہ فنڈز عوام کی بہبود پر استعمال کیے جائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے ایف بی آر کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے صوبوں کے مضبوط ٹیکس ریکارڈ کو وفاق کے مالی بحران کے حل کے لیے ماڈل قرار دیا۔