کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 35ویں نیشنل گیمز کا باضابطہ افتتاح کر دیا جبکہ ملک کے معروف ایتھلیٹ ارشد ندیم نے نیشنل گیمز کی مشعل روشن کی اولمپیئن قمر ابراہیم ٹارچ اسٹیڈیم لائے جو مختلف لیجنڈ کھلاڑیوں سے ہوتی ہوئی ارشد ندیم تک پہنچی اور انہوں نے اسٹیڈیم کا چکر لگا کر مشعل کو روشن کیا افتتاحی تقریب میں پاکستان بھر سے آئے ایتھلیٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اسپورٹس منسٹر سردار محمد بخش مہر اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عارف سعید بھی شریک ہوئے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی 18 سال بعد نیشنل گیمز کی میزبانی کر رہا ہے جو صوبے کے لیے اعزاز ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ شہر کے 24 مختلف وینیوز پر 32 کھیلوں کے مقابلے ہو رہے ہیں جن میں 10 ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور آج پاکستان کے ہر صوبے کی جھلک اس اسٹیڈیم میں نظر آ رہی ہے۔
گیمز کے باقاعدہ آغاز کے بعد نیشنل گیمز 2025 کا پہلا گولڈ میڈل پاکستان آرمی کی لیفٹیننٹ مصباح نے 50 میٹر پر ون رائفل ایونٹ میں اپنے نام کیا شوٹنگ کے مقابلوں میں پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر چار گولڈ میڈل جیت کر آغاز ہی میں برتری حاصل کر لی۔