لاہور/کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) 68ویں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں کراچی بلو ز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کو 218 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا 22واں ٹائٹل اپنے نام کر لیا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں کامیابی کے ساتھ کراچی نے ٹرافی کے ساتھ 75 لاکھ روپے کی انعامی رقم حاصل کی جبکہ رنرز اَپ سیالکوٹ کو 40 لاکھ روپے دیے گئے فائنل کے بہترین کھلاڑی عبداللہ فضل کو ایک لاکھ روپے جبکہ علی عثمان اور سعد بیگ کو تین مختلف انفرادی اعزازات کے تحت 2.5 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
سیالکوٹ کو دوسری اننگز میں 533 رنز کا مشکل ہدف درپیش تھا 12 رنز بغیر نقصان کے آغاز کے باوجود پوری ٹیم 71.1 اوورز میں 314 رنز تک محدود رہی عبداللہ شفیق، افضال منظور اور حمزہ نذر کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کو درکار بڑی شراکت فراہم نہ کر سکیں کراچی کے فاسٹ باؤلر ساقب خان نے ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری بار پانچ وکٹوں کی کارکردگی دکھا کر سیالکوٹ کی بیٹنگ لائن کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔
ساقب خان جو نو میچوں میں 47 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے دوسرے کامیاب ترین باؤلر رہے انہوں نے پانچویں روز سیالکوٹ کی 35 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ توڑ کر ابتدا ہی میں اہم کامیابی حاصل کی عبداللہ شفیق نے ابتدا میں محمد حریرہ اور بعدازاں عبدالرحمٰن کے ساتھ مفید پارٹنرشپس ضرور قائم کیں تاہم کراچی کے باؤلرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں گراتے ہوئے سیالکوٹ کو 144 پر پانچ وکٹوں سے محروم کر دیا۔
اس موقع پر افضال منظور اور حمزہ نذر نے چھٹی وکٹ پر 112 رنز کی شاندار شراکت سے کچھ مزاحمت کی مگر 57ویں اوور میں رمیز عزیز نے افضال کی وکٹ حاصل کر کے سیالکوٹ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا باقی بیٹرز بھی زیادہ دیر جم نہ سکے اور آخری پانچ وکٹیں محض 58 رنز کے اضافے پر گر گئیں ساقب خان نے میچ میں مجموعی طور پر 165 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مشتاق احمد اور رمیز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔