کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 اپنے 33ویں روز میں پہنچ گیا، جہاں نوجوان پاکستانی فنکاروں کی آرٹ نمائش Fading Boundaries کا افتتاح صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور اداکار منیب بٹ کے ہمراہ کیا۔ نمائش کے کیوریٹر فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب تھے۔ وزیر ثقافت نے کہا کہ دنیا بھر سے آئے مہمانوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا ثقافتی چہرہ امن و محبت کا پیامبر ہے، اور کراچی میں جاری سرگرمیاں بین الاقوامی سطح پر مثبت تاثر اجاگر کر رہی ہیں۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بتایا کہ فیسٹیول کے سلسلے میں یہ ساتویں آرٹ نمائش ہے جس میں نوجوان فنکاروں نے بھرپور شرکت کی ہے۔ منیب بٹ نے نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں پیش کیے گئے فن پارے نوجوان نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کی بہترین مثال ہیں، جبکہ ایک معذور بلوچ آرٹسٹ کے کام کو انہوں نے خصوصی طور پر قابل تحسین قرار دیا۔ نمائش میں 30 سے زائد فنکاروں کے کام پیش کیے گئے جنہوں نے موضوعاتی تنوع اور جدید فن کو نیا رنگ دیا۔
فیسٹیول کے 33ویں روز پاکستانی انیمیٹڈ فلم دی گلاس ورکر کی اسکریننگ کی گئی جبکہ اشرف شریف خان نے "Sitar in Global Perspectives” کے عنوان سے ورکشاپ میں عالمی فنکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ تھیٹر سرگرمیوں میں ترکیہ کی پروڈکشن SUBJ: MEDEA اور ساﺅتھ افریقہ کی Woman in Waiting نے شائقین کے دل جیت لیے۔ ورلڈ کلچر فیسٹیول 7 دسمبر تک آرٹس کونسل کراچی میں جاری رہے گا۔