کراچی, (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) آئی ایم سی اوور فورٹی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 150 رنز بنائے۔ فواد عالم اور ندیم احمد نے 24، 24 رنز اسکور کیے جبکہ آسٹریلوی بولر مارک کلیری نے صرف 22 رنز کے عوض شاندار 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹرز نے پراعتماد کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹارگٹ 19ویں اوور میں 3 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا اسٹیو نوٹلی 47 رنز کے ساتھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، اسٹیفن پیلسن نے 42 جبکہ ناصر جلیل نے 25 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے پاکستان کی جانب سے فواد عالم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 16 رنز کے بدلے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم ان کی آل راؤنڈ کارکردگی ٹیم کے کام نہ آسکی۔
ٹورنامنٹ میں انفرادی اعزازات بھی تقسیم کیے گئے جن میں پاکستان کے ہمایوں فرحت 313 رنز کے ساتھ بہترین بیٹر قرار پائے اور 23 چھکوں کے ساتھ سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ مارک کلیری کو بہترین بولر، ویسٹ انڈیز کے اینٹونل ایٹول کو بہترین کھلاڑی، خالد قریشی کو بہترین وکٹ کیپر جبکہ ہرشد گھوٹکے کو بہترین فیلڈر کا ایوارڈ دیا گیا۔ اختتامی تقریب میں چیئرمین انٹرنیشنل ماسٹر کرکٹ اسٹریلنگ ہمان اور چیئرمین پی وی سی اے فواد اعجاز خان نے انعامات تقسیم کیے، جبکہ جاوید میانداد، عاصم عمر اور جلال الدین سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔