کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کی جانب سے جشنِ آزادی کے موقع پر "معرکۂ حق” کے عنوان سے منفرد گدھا گاڑی ریس کا انعقاد کیا گیا۔ ریس کا آغاز باغ ابن قاسم کلفٹن سے ہوا اور اختتام فیریئر ہال پر کیا گیا، جس میں 50 سے زائد گدھا گاڑیاں شریک ہوئیں۔
ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر فرید علی کے مطابق کالا گدھے کے سوار ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ رضوان نے دوسری اور خالد اسماعیل نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ پہلی پوزیشن کے حامل کو 75 ہزار روپے، دوسری کو 50 ہزار اور تیسری پوزیشن جیتنے والے کو 25 ہزار روپے کیش انعام اور ٹرافیاں دی گئیں۔
فیریئر ہال میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مہمانِ خصوصی پارلیمانی سیکریٹری برائے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان صائمہ آغا نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، ڈی ایس او فرید علی، اسماعیل شاہ، شکیل احمد اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔
صائمہ آغا نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کے منفرد ایونٹس عوامی دلچسپی کا باعث بنتے ہیں اور جشنِ آزادی کو یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اور تفریحی سرگرمیاں معاشرے میں خوشی، یکجہتی اور مثبت رجحانات کو فروغ دیتی ہیں۔