ڈبلن، (ویب/اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ویمنز نے آئرلینڈ ویمنز کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی میچ کی سب سے نمایاں کارکردگی اوپنر منیبہ علی کی شاندار سنچری رہی، جنہوں نے 68 گیندوں پر 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 100 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی دوسری سنچری ہے۔ تاہم تین میچوں کی سیریز آئرلینڈ نے 2-1 سے اپنے نام کی۔
سیریز کے آخری میچ میں آئرلینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 155 رنز بنائے۔ کپتان گیبی لوئس نے 36 اور ایمی ہنٹر نے 29 رنز بنائے، جبکہ اورلا پرینڈرگاسٹ نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے رامین شمیم، وحیدہ اختر، سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ویمنز نے ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں شروع کیا اور منیبہ علی نے اننگز کی ابتدائی تین گیندوں پر مسلسل تین چوکے لگا کر دباؤ آئرلینڈ پر ڈال دیا۔ شوال ذوالفقار 3 اور نتالیہ پرویز 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، مگر منیبہ علی اور عالیہ ریاض نے تیسری وکٹ پر ناقابل شکست 101 رنز کی شراکت قائم کی۔
عالیہ ریاض 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، جن کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔ پاکستان نے 17.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ اپنے نام کیا، تاہم سیریز جیتنے کا اعزاز آئرلینڈ کو حاصل ہوا جس نے پہلے دو میچز میں بالترتیب 11 رنز اور 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔