کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (AIT) میں شعبہ (DIIL) اور المانیا گلوبل سلوشنز (AGS) کے باہمی اشتراک سے ایک معلوماتی آگہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں کو جرمنی میں پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے مواقع سے روشناس کروایا گیا اس سیشن کا مقصد طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم و تربیت اور بین الاقوامی کیریئر کے امکانات سے آگاہ کرنا تھا۔ المانیا گلوبل سلوشنز (AGS) نے جرمنی میں فری ایجوکیشن، جرمن زبان کی تربیت، انٹرن شپ گائیڈنس، ویب ڈیویلپمنٹ، سوشل میڈیا مارکیٹنگ اور بین الاقوامی کاروباری تعاون جیسے شعبوں میں نوجوانوں کے لیے شاندار مواقع پیش کیے سیشن میں مکینیکل، الیکٹریکل، سول، سافٹ ویئر، الیکٹرانکس، نرسنگ، سیاحت، لاجسٹکس اور گارمنٹس جیسے شعبہ جات میں تربیت کے امکانات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ طلبہ کو بتایا گیا کہ تربیت کے دوران انہیں ماہانہ 800 سے 1500 یورو وظیفہ بھی دیا جائے گا، جب کہ جرمن زبان کی مفت تربیت اور مکمل رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی پرنسپل AIT نے کہا کہ بین الاقوامی مواقع سے استفادہ نوجوانوں کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی لا سکتا ہے۔ کنوینر AIT سید محمد محسن کاظم نے کہا کہ ہمارا مقصد طلبہ کو گلوبل مارکیٹ کے لیے تیار کرنا ہے۔سیشن میں موجود تمام شعبہ جات کے سربراہان نے اس سیشن کو ایک سنگ میل قرار دیا جو طلبہ کو نئی سمت فراہم کرے گا۔