ملتان (بیورو رپورٹ) ملتان میں حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کے سات سو اناسی ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آج سے آغاز ہوگیا ہے۔ تقریبات کے آغاز سے قبل وزیر خارجہ و درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین شاہ محمود قریشی نے مزار کو غسل دیا اور چادر پوشی کی۔ برصغیر پاک و ہند کے روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت بہاؤ الدین زکریا ؒ کا سات سو اناسی واں سالانہ عرس آج سے شروع ہو گیا ہے جس میں شرکت کے لیے زائرین ملک کے مختلف علاقوں سے جوق در جوق ملتان پہنچ رہے ہیں۔ حضرت بہاالدین زکریا ؒ کے عرس میں سندھ بھر سے آنے والے عقیدت مند عرس کے موقع پر برہنہ پاؤں شرکت کرتے ہیں۔ حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کی ولادت پانچ سو ساتھ ہجری میں کہروڑ لعل عیسن میں ہوئی اور ان کا وصال اکیانوے برس کی عمر میں چھ سو اکسٹھ ہجری میں ہوا ۔ انہوں نے تمام عمر فروغ تعلیم اور دین اشاعت میں وقف کی۔ حضرت بہاؤالدین زکریا ؒ کےعرس کی تقریبات سترہ اکتوبر تک جاری رہیں گی جبکہ آخری روز ضلع ملتان میں مقامی سطح پر عام تعطیل ہوگی۔
![]()