کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان سٹوڈنٹ اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور وہیل کالجز کے تعاون سے جاری 5 ویں سٹوڈنٹس اولمپک گیمز کی اختتامی تقریب آج اتوار کو منی سپورٹس کمپلیکس، کراچی میں شروع ہوگی، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وہیل کالجز کے سربراہ وہاج حسین ہونگے جوکہ گیمز میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔ گذشتہ روز تھرو بال اور باسکٹ بال کے فائنل مقابلے منعقد ہوئے۔ باسکٹ بال اے لیول گرلز کے مقابلوں میں سٹی اسکول پی اے ایف نے پہلی اور وہیلز کالج نے دوسری پوزیشن حاصل کی، او لیول گرلز کے مقابلوں میں سٹی اسکول پی اے ایف نے کامیابی حاصل کی۔ تھرو بال کے او لیول گرلز کے مقابلوں میں ڈی ایچ اے سی سی نے پہلی اور شاہ ولایت اسکول نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
گذشتہ روز پاکستان سٹوڈنٹ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں نے بتایا کہ اختتامی تقریب کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور گیمز میں مختلف اسکولوں اور کالجز کے طلباء وطالبات کھیلوں کے دس مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں آرچری، باسکٹ بال، فٹ سال، کرکٹ، تھرو بال، اسکٹنگ، تائیکوانڈو، روپ سکیپنگ، جمناسٹک اور رسہ کشی کے مقابلے شامل ہیں، ایونٹ میں تین کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں انڈر-14 ، انڈر-17 اور انڈر-21 شامل ہیں، یہ گیمز 15 سے 22 جنوری تک جاری رہیں گی۔