کراچی (نوپ نیوز) شہر قائد کو اہمیت دو کے قومی مطالبہ کو تسلیم کروانے کے لئے کراچی سٹیزن کونسل کا قیام عمل میں آگیا ہے جو سول سوسائٹی کی تنظیم کے طور پر کام کرے گی جس کا فیصلہ ایک اجلاس میں ہوا اور جس میں سماجی کارکنان، مزدور رہنما، تاجر، وکلاء، ڈاکٹر، اساتذہ و طلباء سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے اجلاس میں محفوظ النبی خان، منظور رضی، پروفیسر این اے قادری، آغا مسعود حسین، سردار عبدالرشید ڈار، انصب رضا فاطمی، اسلم خان فاروقی، محمد حلیم خان غوری، وسام خان، نسیم شاہ، مسعود عالم، محمد صدیق بلوچ، راجہ آزاد، راحیلہ ٹوانہ، قرہ العین مگسی، ڈاکٹر سدرہ و دیگر نے اظہار خیال کیا۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان، حب الوطنی ہماری شان ہے اور وطن عزیز کا استحکام ہمارا عزم ہے انہوں نے کہا کہ شہر قائد کی ترقی اور اس کو اہمیت دینا ملکی استحکام کے لئے نہایت ناگزیر ہے جس کے لئے ہم سمجھتے ہیں صوبائی اور وفاقی حکومت کو شہر قائد کے مسائل کو ترجیحی دینا چاہئے لیکن دیکھنے میں یہ آرہا حکمران شہر قائد کی جائز حیثیت کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں اس موقع پر شرکاء اجلاس نے کونسل کے تاسیسی اعلامیہ میں کہا کہ کونسل شہر قائد کے انفراسٹر کچر، صنعت و تجارت، تعلیم و صحت، اسپورٹس کے مسائل کے حل سمیت انصاف کی جلد فراہمی، لاقانونیت کے خاتمے اور سرکاری ملازمتوں میں شہری سندھ کے کوٹہ کے مطابق کراچی کے نوجوانوں سے ہونے والی زیادتیوں اور مردم شماری میں ہونے والی خامیوں، خرابیوں و بے انصافیوں کے خلاف آواز بلند کریں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کے اختیارات کی مکمل بحالی کی آئینی جدوجہد میں بھی شامل ہو گی اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ کونسل کی آئیندہ کی سرگرمیوں کے لئے 17 رکنی رہیبر کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔