کراچی (نوپ نیوز) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن ن سندھ کے صدر اور کراچی کے صوبائی حلقے پی ایس-102 سے ن لیگ کے امیدوار یاسر عدیل شیخ نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی بدترین شکست کو ووٹ کو عزت دو کے بیانئیے کی شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے ایک نااہل، کرپٹ اور جمہوریت دشمن جماعت کے منتخب کرنے کا کفارہ ادا کر کے پاکستان کے عوام کو پیغام دے دیا ہے کہ تبدیلی کا سونامی ووٹ کے سمندر میں غرق ہوچکا ہے اب دوسرے صوبوں کے عوام تباہی و بربادی کے سونامی کی آخری رسومات کی ادائیگی کا اہتمام کریں۔ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست کے جنازے خیبر پختونخوا کے ہر شہر سے اٹھیں گے اور آنے والے انتخابات سے بہت پہلے تبدیلی کا سونامی زمین برد کردیا جائے گا۔ عوام دشمن جماعت کی آخری رسومات کا اہتمام پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کرے گی۔
ہمیں خوشی ہے کہ تباہی کے پیامبر جہاں پیدا ہوئے وہیں ان کی قبریں بننا شروع ہوگئی ہیں عوام کو ایک مرتبہ پھر اپنے دلوں کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو منتخب کرنے کا موقع ملے گا اور مسلم لیگ (ن) ایک مرتبہ بھرپور قوت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی۔ خیبر پختونخوا کے عوام نے کفارہ ادا کردیا اب سندھ پنجاب کے عوام کی باری ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے جذبے، حوصلے اور مستقل مزاجی کو سلام ہے جن کی تین سالہ کوششوں سے پاکستان کے عوام کو مہنگائی، کرپشن اور نا اہلی کے سونامی سے نجات کا راستہ کھلا ہے۔ پی ڈی ایم اب زیادہ تیزی سے عوام کو مسلط حکمرانوں سے نجات کا سفر طے کرے گی۔ ایم ایس ایف ن سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ، صوبائی رہنماؤں عاقب خان تنولی، عبدالقدوس بلو، شعیب خان، سردار محمد سہیل کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد موجود پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔ پاکستان کی معیشت، زراعت اور ادارہ جاتی تباہی کے ذمہ دار مسلط حکمرانوں سے نجات کے لئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ثابت قدمی اور مستقل مزاجی کے نتایج آنا شروع ہو گئے ہیں انشاء اللہ بہت جلد مسلط حکمران پاکستان کے سیاسی منظر سے ہمیشہ کے لئے غائب ہوجائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) بھرپور عوامی حمائت کے ساتھ عوام کی خدمت کا سفر وہیں سے شروع کرے جہاں تباہی کے سونامی نے رکاوٹیں کھڑی کی تھیں۔