Home/اہم خبریں/متحدہ علماء محاذ کا استعماری سازشوں کیخلاف احتجاجی اجلاس، او آئی سی کانفرنس میں حماس، تبلیغی جماعت پر پابندی، ایران کو اسرائیلی دھمکی کی مذمت کی جائے
متحدہ علماء محاذ کا استعماری سازشوں کیخلاف احتجاجی اجلاس، او آئی سی کانفرنس میں حماس، تبلیغی جماعت پر پابندی، ایران کو اسرائیلی دھمکی کی مذمت کی جائے
کراچی (نوپ نیوز) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں حماس پر امریکی پابندی، ایران پر اسرائیلی حملہ کی دھمکی، تبلیغی جماعت پر سعودی عرب کی پابندی، کراچی میں فرقہ وارانہ سازشوں، روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری، گیس کی شدید قلت، سندھ اسمبلی میں منظور کردہ بلدیاتی بل کیخلاف منعقدہ مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ کے احتجاجی اجلاس میں منظور کردہ متفقہ قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکی، اسرائیلی، استعماری قوتوں کی خوشنودی کیلئے عالم اسلام کے مرکز سعودی عرب میں تبلیغی جماعت پر لگائی گئی ناروا دل آزار پابندی کو فی الفور ختم کیا جائے،41 سال بعد پاکستان میں اسلامی وزرائے خارجہ کانفرنس میں قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت و پاسداری کی بناء پر حماس پر امریکی پابندی اور برادر اسلامی ملک ایران پر اسرائیلی حملے کی دھمکی کی شدید مذمت کیلئے قرارداد منظور کی جائے۔ او آئی سی فلسطین و کشمیرکی آزادی، خود مختاری، بحالی و فوری آباد کاری کیلئے متفقہ، مشترکہ موثر حکمت عملی کا اعلان کرے۔ سندھ حکومت کراچی و عوام دشمن متنازعہ بلدیاتی بل فی الفور واپس لے اور سابقہ بلدیاتی اختیارات کو من و عن بحال کرے۔
او آئی سی برادر اسلامی ملک افغانستان کی تعمیر و ترقی، معاشی خوشحالی کیلئے مستقل خصوصی امدادی فنڈ قائم کرے۔ افغان طالبان حکومت تمام مسلکی، لسانی و سیاسی اکائیوں کو مساوی طور پر بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے۔ قرارداد میں پاکستان میں اسلامی وزرائے خارجہ کانفرنس کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند اور وحدت امت کا پیش خیمہ قرار دیا۔ اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کو او آئی سی کانفرنس کی میزبانی کا شرف حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی گئی اور توقع کی گئی کہ پاکستان، افواج پاکستان، مسلم ممالک کے مابین خصوصاً ایران سعودی تنازعات کے پرامن، پائیدار اور مستقل حل کیلئے مصالحانہ کردار ادا کریں گے۔ اسلام و مسلمانوں کے خلاف استعماری سازشوں اور اسلامو فوبیا کے خلاف وحدت امت و بیداری وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ احتجاجی اجلاس سے علامہ سید سجاد شبیر رضوی، علامہ نثار احمد قلندری، مطلوب اعوان قادری، علامہ مفتی فیصل عزیز بندگی، علامہ سید اطہر مشہدی، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ روشن دین الرشیدی، مفتی مصدق الامین سلفی، مولانا مفتی اسدالحق چترالی، ممتاز صحافی قاضی سمیع اللہ شام، ذیشان صدیقی، مفتی اکبر شاہ ہاشمی، مولانا گل نواب شاہ، پروفیسر حافظ عبدالماجد انصاری، محمد زبیر نقشبندی لاثانی، حافظ گل نواز، مولانا ڈاکٹر محمد یونس نے خطاب حافظ عبدالماجد قادری، عرفان ملک، ارسلان شریف لاثانی، نصیر لاثانی، طارق لاثانی نے شرکت کی۔ نعت و منقبت خواں قاری حسین الدین رحمانی نے بارگاہ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ صدر محفل علامہ عبدالخالق فریدی نے فلسطین و کشمیر و افواج پاکستان و سانحہ شیر شاہ کے شہداء اور ملکی امن و استحکام کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ اجلاس میں تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی و دعائے مغفرت کی گئی۔