کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کُنڈ ملیر بلوچستان کے ساحل کے قریب جزیرہ ابھر آیا جو بڑے رقبے پر محیط ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق کُنڈ ملیرکا ساحلی مقام کراچی سے 41 کلو میٹرکے فاصلے پر واقع ہے۔ کُنڈ ملیر بلوچستان کے ساحل کے قریب جزیرہ ابھر آیا۔ سمندرکی تہہ سے اچانک ابھرنے والا جزیرہ بڑے رقبے پر محیط ہے۔ تیکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان معظم خان کے مطابق سمندر میں یہ جزیرے گہرے پانیوں میں جغرافیائی رد و بدل کی وجہ سے وجود میں آتے ہیں۔ اکثر و بیشتر یہ جزیرے ابھرنے کے کچھ عرصے بعد دوبارہ غائب ہو جاتے ہیں۔ تیکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے بتایا کہ 29 نومبر 1945 کو کُنڈ ملیر کے قریب سونامی (سمندری زلزلہ) بھی ریکارڈ ہوچکا ہے، 2010 میں گہرے پانیوں سے نمودار ہونے والا پہاڑ نما جزیرہ دو ماہ بعد دوبارہ پانی میں غائب ہوگیا تھا جب کہ کُنڈ ملیر کے پانیوں میں ایک اور جزیرے کا مشاہدہ 2000 میں بھی کیا جاچکا ہے۔