کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر سلیم الزماں نے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے تقریر میں آگاہ کیا کہ زرمبادلہ کے ذخائر پہلی مرتبہ 27 ارب ڈالر کی حد سے تجاوز کر گئے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے وزیر اعظم پر اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ 29.2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ارسال کیں اور ملک میں پہلی مرتبہ آئی ٹی ایکسپورٹ 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی جانب سے معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے بروقت اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس وبائی امراض کے تناظر میں عالمی معاشی بحران کے باوجود حکومت نے جو کارنامے کیے وہ قابل ستائش رہے اور ا ن ہی حکومتی اقدامات کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا جو کہ ملک کے لئے قابل فخر ہے۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ طویل عرصے بعد پاکستان کو ایک ایسا لیڈر ملا ہے جس کا وژن پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانا، عوام کی خدمت کرنا اور ملک اور قوم سے مخلص رہنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام نے ان پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت نے جس طرح ملک کو معاشی بحران سے نکالا اسی طرح بہتر حکمت عملی سے انڈسٹری کے مسائل حل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں گے۔ کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے کہا کہ معشیت کے تمام انڈیکیٹرز حوصلہ افزاء ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ہمیں متعدد چیلنجز کا بھی سامنا ہے جس میں خطہ کی بلند ترین پیداواری لاگت، ڈالر کی قدر میں عدم استحکام، بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں اور ملک میں موجودہ مہنگائی کی شرح عوام اور انڈسٹری کیلئے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی، پیداواری لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کرے تاکہ مثبت معاشی اشاریے عارضی ثابت نہ ہوں بلکہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے۔