Home/اہم خبریں/تعلیم روٹری انٹرنیشنل کا اہم گول ہے جسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ سید طارق شاہ مرکزی چیئرمین آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ
تعلیم روٹری انٹرنیشنل کا اہم گول ہے جسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ سید طارق شاہ مرکزی چیئرمین آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ (اپسما) کے مرکزی چیئرمین سید طارق شاہ کو روٹری کلب آف ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ کراچی کا چارٹر پریذیڈینٹ 2021-22 منتخب کر لیا گیا اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم روٹری انٹرنیشنل کا اہم گول ہے جسے ہر حال میں پورا کیا جائے سید طارق شاہ نے کہا کہ میری زندگی کا یہ انتہائی یاد گار لمحہ ہے چونکہ میں روٹری انٹرنیشنل 3271 کے سابق ڈسٹرکٹ گورنر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کی سماجی خدمات سے بے حد متاثر ہوں کیونکہ ان کی روٹری کے لئے بے مثال خدمات ہیں انہوں نے کہا کہ میں ان تمام روٹرین جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے چارٹر پریذیڈینٹ 2021-22 بنایا ہے میں ان کے اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوششیں کروں گا اور نئے ڈسٹرکٹ گورنر ڈاکٹر آفتاب امام کی سربراہی میں تعلیم کو عام کرنے اور روٹری ڈسٹرکٹ کا نام روشن کرنے میں بھی میں اپنا بھر پور کردار ادا کروں گا، سید طارق شاہ نے کہا کہ اس سے تمام نجی اسکولوں کے مالکان، اساتذہ، طلبا اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کے لئے پاکستان میں تعلیم کی ترقی کے لئے نئی راہیں کھل گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لئے ملک کے ہر بچے کو تعلیم سے آراستہ کرنا ضروری ہے کیونکہ جب تک ملک کا ہر بچہ تعلیم حاصل نہیں کرے گا پاکستان سے ناخواندگی کا خاتمہ نہیں ہوگا اور نہ ملک ترقی نہیں کر سکے گا، سید طارق شاہ نے کہا کہ پاکستان میں شرح خواندگی جنوبی ایشیائی ممالک بشمول بھارت، بنگلا دیش، چائنا اور دیگر ممالک کے لحاظ سے سب سے کم ہے جسے بڑھانے اور ان ممالک کے تعلیمی معیار کے برابر لانے کے لئے ہمیں سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیم انسان میں شعور پیدا کرتی ہے کیونکہ تعلیم کے بغیر انسان میں آگے بڑھنے اور مہذب دنیا کی طرح آئیڈیل معاشرے کا قیام بھی تعلیم ہی کی وجہ سے ممکن ہے، سید طارق شاہ نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں اپنی سوچ بدلنی ہوگی اور تعلیم کو ہر لحاظ سے لازمی قرار دینا ہوگا تعلیم ہر بچے کا حق ہے چاہئے وہ گاؤں میں رہتا ہو یا شہر میں رہتا ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستان روشن خیال اور ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں جب ہی شامل ہو سکتا ہے جب ہم اپنے بچوں کو درس و تدرس کے ساتھ ساتھ جدید فنی تعلیم اور ہنر سیکھائیں کیونکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے ہمیں جدید علوم پر دسترس حاصل کرنا ہوگی اور فرسودہ روایات کو ختم کرنا ہوگا کیونکہ 21 ویں صدی میں بچیوں اور خواتین کو بھی ہر قسم کی جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے، سید طارق شاہ نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا نصف حصہ خواتین اور بچیوں پر مشتمل ہے اس لئے انہیں تعلیم کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہاکہ جو قومیں جدید علوم سے غافل یا محروم رہتی ہیں وہ ہمیشہ پسماندہ اور محکوم رہتی ہیں اس لئے ہمیں ایک طاقتور اور تعلیم یافتہ قوم بننا ہے جس کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا چونکہ وقت کا یہی تقاضہ ہے کہ ہم آگے بڑھیں اور بچے بچیوں کوزیادہ سے زیادہ تعلیم سے آراستہ کریں۔