تازہ ترین
Home / اہم خبریں / ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سےشکست دے دی

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سےشکست دے دی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیشنل اسٹیدیم کراچی میں جاری ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سےشکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 197رنز کا بڑا ہدف 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان کی سنچری اور بابر اعظم کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر ایلکس ہیلز کو 21 گیندوں پر 46 رنز اسکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز زیادہ متاثر کن نہ رہا اور ان کی ابتدائی دو وکٹیں محض 13 کے مجموعی اسکور پر گرگئیں۔ کپتان شاداب خان اور اوپنر فل سالٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹے تو انگلش بیٹسمین ایلکس ہیلز نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ہمراہ رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 62 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایلکس ہیلز 21 گیندوں پر 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف 25 رنز پر ہمت ہارگئے۔ جس کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمینز افتخار احمد اور حسین طلعت نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کمان سنبھالی اور کراچی کنگز کے باؤلرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کیا، دونوں بیٹسمینوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 94 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ حسین طلعت چار چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو نئے آنے والے بیٹسمین آصف علی نے 9 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے برق رفتار 21 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ افتخار احمد 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز کے عماد وسیم، محمد عامر، ارشد اقبال، محمد نبی اور وقاص مقصود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل اسلام یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز کے اوپنرز شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کے آغاز سے ہی حریف ٹیم کے باؤلرز کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کی طویل ترین ریکارڈ اوپننگ پارٹنر شپ بنا ڈالی۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 176 رنز جوڑے۔ اس سے قبل لیگ کی تاریخ کی طویل ترین شراکت داری کا ریکارڈ کراچی کنگز کے بابر اعظم اور لیام لیونگ اسٹون کے پاس تھا۔ انہوں نے لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں 157 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی تھی۔ یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کسی بھی وکٹ کی طویل ترین پارٹنرشپ بھی ہے۔ شرجیل خان نے نو چوکوں اور آٹھ چھکوں کی بدولت ایونٹ کی پہلی سنچری بنائی۔ وہ 59 گیندوں پر 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں یہ شرجیل خان کی مجموعی طور پر دوسری اور ایونٹ کی تاریخ میں کسی بھی بلے باز کی نویں سنچری ہے۔کراچی کنگز کے دوسرے اوپنر بابر اعظم 62 رنز پر ایلکس ہیلز کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے۔ کراچی کنگرز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ محمد نبی نے 7 رنز بنائے، ڈین کرسچن 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد کے حسن علی اور حسین طلعت نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تاہم ان کے فیلڈرز نے کئی آسان کیچز چھوڑے۔ اننگز کے دوران تین مواقع ایسے بھی آئے کہ جب کراچی کنگز کے بیٹسمین نو بال پر آؤٹ ہوئے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

سندھ صوفیوں اور امن و محبت کی دھرتی ہے، اس کی وحدت اور شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سید محمد منیر شاہ

سکرنڈ، (رپورٹ: راج کمار اوڈ) درگاہ پیر ذاکری کے سجادہ نشین سید محمد منیر شاہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے