کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سیکنڈ ویلز اسپورٹس فیسٹول کے تیسرے دن، گرلز انڈر 17 تھرول بال ٹورنامنٹ کا فائنل الفا اسکول اور دی سٹی اسکول کے مابین ویلز کالج کے اسپورٹس گراؤنڈ میں کھیلا گیا جس میں الفا اسکول نے سٹی اسکول ڈی کے کو 2-0 سے ہرادیا۔ جبکہ ٹی-10 بوائز کرکٹ انڈر 17، ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کے سی سی اے کرکٹ گراؤنڈ میں وہاج حسین اسکول سسٹم اور الفا اسکول کے درمیان کھیلا گیا جس میں الفا اسکول نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 99 رنز کا ہدف دیا اس کے جواب میں وہاج حسین اسکول سسٹم کی ٹیم نے مقررہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے فتح اپنے نام کرلی۔ سید احمد علی زیدی نے 46 رنز اسکور کیے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ ویلز گراؤنڈ میں بوائز فٹسال انڈر 17 ٹورنامنٹ میں پہلا اور دوسرا میچز بیکن ہاؤس اسکول سسٹم پی ای سی ایچ ایس بمقابلہ فاطمیہ اسکول اور وہاج حسن اسکول سسٹم بمقابلہ کریڈو کے درمیان کھیلے گئے جس میں بیکن ہاؤس اسکول سسٹم اور وہاج حسین اسکول سسٹم نے میچ جیت کر کواٹر فائنل میں اپنی جگہ بنالی۔ تیسرے میچ میں گرین لینڈ اسکول اور سٹی اسکول پی اے ایف کی ٹیمیں مدِ مقابل رہیں اور سخت مقابلے کے بعد سٹی اسکول پی اے ایف نے پینلٹی ککس پر میچ جیت لیا۔ سیکریٹری سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن عبدالناصر کے اچانک انتقال کے سبب باسکٹ بال میچز کو ملتوی کردیا گیا۔