کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ شہر کے انتظامی امور میں نجی شعبے کی شراکت کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، شہر میں جہاں کہیں بزنس کمیونٹی بہتری اور ترقی کے لیے کام کرنا چاہے ہم اس کے ساتھ ہیں، مقامی حکومتوں کے نظام میں صنعتی علاقوں کے لیے خصوصی بندوبست کی تجویز کی تائید کرتے ہیں، وزیر اعلی سندھ نے کے ایم سی کے مالی مسائل حل کرنے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقعے پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں، سینیٹر عبدالحسیب خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، سینئر نائب صدر زکی شریف، نائب صدر نگہت اعوان، مسعود نقی، زاہد سعید، گلزار فیروز اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔ صدر کاٹی سلیم الزماں نے کہا کہ کراچی کے صنعتکار شہر کی بہتری اور خوبصورتی کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم اس حوالے سے کے ایم سی تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرکے دستاویز تیار کرے۔ انہوں نے کہا کاٹی نے صنعتوں کو گیس کی بندش ختم کروانے کے لیے قائدانہ کردار ادا کیا جس میں ہمارے سابق صدر زاہد سعید کا کردار کلیدی رہا۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی بڑے پیمانے پر شجر کاری کرنے جارہی ہے ہم اس میں تعاون کے لیے تیار ہیں تاہم اربن فارسٹینگ سے متعلق ہمارے مجوزہ منصوبے کا جلد آغاز ہونا شہر کے لیے بڑا تحفہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زبیر چھایا کی قیادت میں کائٹ صنعتی علاقوں میں حکومتی و نجی شعبے کی شراکت داری کا موثر ترین ماڈل ثابت ہوئی ہے اس ماڈل کو مستقل بنیادیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا نے کہا کہ کے ایم اسی کی دعوت پر کورنگی کے صنعتکاروں نے چورنگیوں کی تزئین و آرائش کی لیکن جس توہین آمیز انداز میں ان چورنگیوں کو مسمار کردیا گیا اس سے بزنس کمیونٹی کو صدمہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے اس معاملے پر ہماری شکایات کا فوری ازالہ کیا جس کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔ زبیر چھایا نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے نظام میں صنعتی علاقوں کو خصوصی حیثیت ملنی چاہیے اس کے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکتے کیوں کہ منتخب نمائندوں کی توجہ کا مرکز آبادی والے وہی علاقے ہوتے ہیں جہاں سے انہیں ووٹ ملتے ہیں۔ بعدازاں اپنے خطاب میں ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ چورنگیاں منہدم کرنے سے بزنس کمیونٹی کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہوں، اس حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاہم بزنس کمیونٹی ایک آدھ چورنگی کے بجائے بڑے پیمانے پر شجر کاری اور شہر کی تزئین و آرائش میں اپنا حصہ ملائے۔ انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی 70 ہزار پودے کاشت کرنے جارہی ہے، اس کے علاوہ نجی و سرکاری شعبے کے اشتراک سے ہاکس بے کی ساحلی پٹی پر ایک بڑے منصوبے کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کے ایم سی کے مسائل کے حل کے لیے پندرہ روز بعد اجلاس طلب کرنا شروع کردیا ہے اور اس سے قبل ہمیں تنخواہوں اور پنشن کے لیے بھی رقوم جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے ایسے ٹیکس لے کر کے ایم سی کے حوالے کیے ہیں جوپہلے اس کے دائرہ کارہی میں آتے تھے، اس اقدام سے بھی کے ایم سی کی آمدن بہتر ہوگی۔ لئیق احمد نے بتایا کہ سیلانی ویلفیئر کے ساتھ مل کر 22 ایکڑ اور جے ڈی سی کے ساتھ مل کر 11 ایکڑ کے دو قبرستان تیار کیے جارہے ہیں، شہر کی اس انتہائی بنیادی ضرورت کو برسوں سے نظر انداز کیا جارہا تھا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اربن فارسٹینگ کے منصوبے کی اونر شپ لینے کے لیے تیار ہیں شہر میں جہاں کہیں بزنس کمیونٹی بہتری اور ترقی کے لیے کام کرنا چاہے ہم اس کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر مسعود نقی نے کائٹ کے زیر نگرانی وزیراعلیٰ سندھ کے فراہم کردہ فنڈز سے کورنگی صنعتی علاقے میں سیوریج منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جب کہ زاہد سعید نے ملیر ریور اربن پراجکٹ سے متعلق ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے روڈ تین ہزار کو کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کے نام سے موسوم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی صدر کاٹی کے حوالے کیا۔