کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ملتان سلطانز کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم اب تک ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی دوسری ٹیم ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے لو اسکورننگ میچ میں کراچی کنگز نے 137 رنز کا ہدف 4 گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ شرجیل خان نے 14 گیندوں پر 37 رنز بناکر مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نےمسلسل دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاپ آرڈر بلے بازوں حسین طلعت اور فل سالٹ کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کسی اور کھلاڑی نے بہترکارکردگی کا مظاہرہ نہ کیا اور وہ وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ حسین طلعت نے 4 چوکوں کی مدد سے 37 جبکہ فل سالٹ نے 3 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 25 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹتے ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ اوپنر رضوان حسین 17، کپتان شاداب خان 12، کولن انگرام 14 اور آصف علی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ظفر گوہر 13 اور فہیم اشرف 12 رنز بناکر کریز پر موجود تھے کہ ایک اننگز کے 20 اوورز اکا کوٹہ مکمل ہوگیا۔ کراچی کنگز کےافتخار احمد، ارشد اقبال،عمید آصف، عماد وسیم اور کرس جارڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان نے پہلے اوور میں فاسٹ باؤلر موسیٰ خان کو 20 رنز جڑ کر اننگز کا جارحانہ آغاز کیا۔ انہوں نے بابراعظم کے ہمراہ30 گیندوں پر60 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ شرجیل خان 14 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم نے 18 رنز بنائے۔ 60 کے مجموعی اسکور پر کراچی کنگز کے دونوں اوپنر پویلین واپس لوٹے تو کپتان عماد وسیم اور کیمرون ڈیلپورٹ نے کریز سنبھالی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نسبتاََ سست روی سے بیٹنگ کی جس کے نتیجے میں کراچی کنگز کےدیگر بلےبازدباؤ کا شکار ہوئے۔ 50 گیندوں پر 30 رنز کی شراکت میں کیمرون ڈیلپورٹ کے 11 رنز شامل تھے۔ وہ 24 گیندوں کو سامنا کرکے پویلین واپس لوٹےتو نئے آنے والے بلے باز افتخار بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ وہ 1 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر چلتے بنے۔ کراچی کنگز کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب کپتان عماد وسیم 32 گیندوں پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔16رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد کراچی کنگز کے شیڈوک والٹن نے جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی مگر وہ بھی 6 گیندوں پر 1 چھکا اور 1 چوکے کی مدد سے 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 118 رنز کے مجموعے پر 6 وکٹیں گنوانے والی کراچی کنگز کو جیت کے لیے آخری 14 گیندوں پر 19 رنز درکار تھے کہ عمید آصف نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کرٹیم کو فتح دلادی۔ کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 4 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔عمید آصف 13 اور کرس جارڈن 6 رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے2 جبکہ ظفر گوہر، عاکف جاوید، محمد موسیٰ اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شرجیل خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے آخری 2 گروپ میچز 15 مارچ بروز اتوار کو کھیلے جائیں گے۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں دوپہر 2 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے مابین میچ شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
![]()