ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد ترند نے ڈیرہ اسماعیل خان آمد کے دوران ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ کا خصوصی دورہ کیا، اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس جیل خانہ جات خیبر پختونخوا مسعود الرحمن خان، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ بنیامین خان میانخیل اور سابق تحصیل ناظم ڈیرہ سردار عمر امین خان گنڈہ پور اور دیگر اعلی حکام موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد ترند نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ خیبر پختونخوا کی پرانی اورتاریخی جیل ہے جوکہ 1854میں قائم ہوئی جوکہ انتہائی شکستگی اور بوسیدگی کے باعث اس کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام جاری ہے، اگر تعمیراتی کام میں فنڈز کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے تو اس مسئلہ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جیل سٹاف کے مسائل کو ترجیہی بنیاد پر حل کرینگے جبکہ جیل میں موجود قیدیوں کے حقوق کا بھی پورا خیال رکھتے ہوئے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قیدیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ اس دوران ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ کے قیدیوں کیلئے دو ماہ کی سزا کی معافی کا اعلان کیا تاہم اس معافی میں دہشتگردی سمیت دیگر سنگین مقدمات کے قیدی اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد ترند نے انسپکٹر جنرل پولیس جیل خانہ جات مسعود الرحمن خان اور سپرنٹنڈنٹ جیل بنیامین خان میانخیل کے ہمراہ جیل کے مختلف احاطوں کا دورہ بھی کیا اور قیدیوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل معلوم کئے اس موقع پر قیدیوں نے انہیں اپنی درخواستیں بھی دیں جن کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے موقع پر احکامات بھی جاری کئے۔ اس موقع پر جیل کے قیدیوں نے جیل انتظایہ کی جانب سے قیدیوں کو سہولیات فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد ترند نے جیل کے ہسپتال اور لنگر خانے کا بھی دورہ کیا، ہسپتال میں ادویات فراہمی کا رجسٹرڈ چیک کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور لنگر خانے میں قیدیوں کو فراہم کئے جانے والے کھانے کا معیار اور روٹی کا وزن بھی چیک کیا جو پورا تھا۔ انہوں نے قیدیوں کو معیاری کھانا فراہمی پر جیل انتظامیہ کی تعریف بھی کی۔
![]()