کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے نائب صدر سبحان علی ساحل نے کہا کہ شہر قائد کو حکمرانوں نے مسائل کا گڑھ بنا دیا ہے کراچی سب کا ہے لیکن کوئی کراچی کا نہیں ہر گھر سے پانی کے مسئلے پر آوازیں بلند کی جاتیں ہیں نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں کئی دنوں سے پانی کا مسئلہ معمول بن گیا ہے مگر محکمہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے انتہائی عدم توجہی کا مظاہرہ کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا بطور پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ دار کی حیثیت سے ہمارے لیے عوامی شکایات کا انبار لگا ہوتا ہے علاقہ مکین کئی بار واٹر بورڈ کو درخواستیں جمع کروا کے آتے ہیں مگر ادارے کے کسی ایک نمائندے نے بھی اب تک علاقے کا دورہ نہیں کیا، یہ محکمہ شہریوں کو پیاس کی شدت سے زمین تلے اتارنے کی سازش کررہا ہے، سمندر کے قریب آباد شہر پانی کی بوند بوند کو ترس رہا ہے، کراچی پر کرپٹ مافیا نے اپنا راج کیا اور اس شہر کے عوام کو اس کے حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا کہ شہر کراچی میں پانی کی کوئی کمی نہ تھی۔ یہاں ہر وقت پانی دستیاب رہتا تھا۔ لیکن اب گزشتہ کچھ عرصے سے شہر کراچی ٹینکر مافیا کے نرغے میں ہے اور پانی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے لوگوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ مہنگے داموں پانی خریدیں۔ اربابِ اختیار پانی کی قلت کے کئی جواز تراشتے ہیں لیکن شہر کی سڑکوں پر سینکڑوں کی تعداد میں دوڑتے واٹر ٹینکر اس بات کی نفی کرتے ہیں اور یہ بات ثابت کرتے ہیں کہ شہر میں پانی قلت نہیں ہے۔
![]()