میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) کنٹرولر سول ڈفینس و ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ ہنگامی حالات میں رضاکاروں کی خدمات قابل تعریف ہیں جو خدمت خلق کے جذبے کے تحت انسانیت کی مدد کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر رضا کاروں کے اعزاز میں دربار ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں رضا کاروں کی بڑی ضرورت ہے انہوں نے متعلقہ افسران کو مشورہ دیا کہ رضا کاروں میں اضافہ کیا جائے اور انہیں جدید ٹریننگ بھی دی جائے متعلقہ ذمہ داران کی گزارش پر ڈپٹی کمشنر نے سول ڈفینس کی بلڈنگ کی مرمت کروانے، رضا کاروں کی ٹریننگ کیلئے مناسب جگہ کا بھی بندوبست کرانے اور دیگر درپیش مسائل حل کرانے کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر نے رضا کاروں کو مشورہ دیا کہ وہ نوول کرونا وائرس کے متعلق حفاظتی تدابیر سے بھی لوگوں کا آگاہ کریں اگر آپ کے علاقے میں ایران یا چین سے کوئی بھی آیا ہے تو اس کی اطلاع ضلع انتظامیہ کوفوری دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران او ر چین سے میرپورخاص آنے والوں کو 14 روز کیلئے ان کے گھروں میں آبزرویشن میں رکھا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ماسک ہر شخص کو پہننا ضروری نہیں ہے ماسک ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایران یا چین سے آنے والوں اور ان کے اہل خانہ کو پہننا ضروری ہے انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ہجوم میں نہ جائیں نزلہ، کھانسی، سانس میں تکلیف کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس خطرناک مرض نہیں ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنٹرولر محراب خاصخیلی، ایڈیشنل چیف وارڈن عبدالحمید شیخ اور ڈویژنل وارڈن خلیل اللہ نے کہا کہ شہری دفاع کے رضاکار بم ڈسپوزل، فوری طبی امداد، فائر فائٹنگ، ناگہانی قدرتی آفات پر کام کررہے ہیں مقررین نے کہا کہ ضلعے میں 50 سے زائد رضاکار ہیں موجودہ معاشی حالات کے باوجود رضا کاروں میں جذبہ بڑھ رہا ہے اور کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ رضا کاروں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ 5 فیصد رضا کار سرکاری محکموں سے شامل کئے جاتے ہیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام، 12ربیع الاول اور یوم شہری دفاع اور یوم شہری دفای کے موقعوں پر بہتر خدمات انجام دینے والے رضا کاروں میں تعریفی اسناد اور شیلڈیں تقسیم کیں۔
![]()