میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ‘معمار کراچی’ نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی رحلت جماعت اسلامی اور اہلیانِ کراچی کیلئے ایسا نقصان ہے جسکا ازالہ ممکن نہیں ہے انکی زندگی پاکستان کے حکمرانوں اور سیاسی رہنماؤں کیلئے مشعل راہ ہے کہ جس طرح سے نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ مرحوم نے اپنے اختیارات کو عوام الناس کی فلاح و بہبود اور آخرت کی جوابدہی کے احساس کے ساتھ استعمال کیا وہ انہی کا خاصہ تھا، پاکستان کے حکمران نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ مرحوم کے طرزِ حکمرانی کو اپنا کر پاکستان کو عالی شان اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل، جنرل سیکریٹری عاصم شیخ، نائب امراء زاہد الرحمن خان، شکیل احمد فہیم، محمد اکرم شیخ، لالہ نور محمد، عزیز الرحمن، عبدالرشید شیخ و دیگر نے سابق امیر جماعت اسلامی کراچی و سٹی ناظم کراچی بابائے کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں کیا، رہنماؤں نے مزید کہا کہ نعمت اللہ خان نصف صدی سے زائد عرصہ سے جماعت اسلامی سے وابستہ تھے سید ابوالاعلیٰ مودودی اور جماعت اسلامی کی تربیت کا وہ روشن ستارہ تھے کہ جنکی راست بازی، دیانت داری اور انتظامی صلاحیتوں کا مخالفین بھی اعتراف کرتے تھے، جماعت اسلامی نے پاکستان کو وہ انمول ہیرے عطا کیے ہیں کہ جن لوگوں کی زندگیاں پاکستان میں خدمت کے جذبہ اور آخرت کی بازپرس کے نظریہ سے وابستہ رہی ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے اور انکی خدمات کا بہترین و اعلیٰ صلہ عطا فرمائے اور انکے بچھائے ہوئے فلاحی کاموں کو انکے لئے صدقہ جاریہ کا درجہ عطا فرمائے اور پسماندگان، لواحقین، ورثاء اور بالخصوص تحریک اسلامی کے کارکنان کو انکی رحلت پر صبر جمیل عطا کرے اور رب تعالیٰ انکا بہترین نعم البدل جماعت اسلامی اور اہلیان کراچی کو عطا فرمائے، آمین۔
![]()