Home / اہم خبریں / ٹرین حادثے میں جانبحق ہونیوالا نوجوان ایس او ایس ویلیج میں زیر کفالت تھا، متوفی بیوٹمز کے ہر سمسٹر میں پوزیشن حاصل کر کے سکالر شپ لیتا رہا

ٹرین حادثے میں جانبحق ہونیوالا نوجوان ایس او ایس ویلیج میں زیر کفالت تھا، متوفی بیوٹمز کے ہر سمسٹر میں پوزیشن حاصل کر کے سکالر شپ لیتا رہا

کوئٹہ (رپورٹ: در محمد) کلی اسماعیل ریلوے پھاٹک پر ٹرین کی زد میں آ کر جانبحق ہونیوالا نوجوان ایس او ایس ویلیج میں زیر کفالت تھا۔ موسی خیل سے تعلق رکھنے والا 21 سالہ حیات اللہ کی والدہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہوکر انتقال کر گئی تھیں جبکہ والد کی ساری جمع پونجی علاج و معالجے پر خرچ ہوگئی تھی جس کے بعد والد بچے کی کفالت سے قاصر تھا اور اس نے 2005 میں بچے کو ایس او ایس ویلیج میں داخل کرا دیا تھا ایس او ایس ویلیج کی انتظامیہ کے مطابق بچہ خدا داد صلاحیتیوں کا مالک تھا میٹرک اور ایف ایس سی امتیازی نمبروں سے پاس کیا اور اس وقت بیوٹمز کے شعبہ جیالوجیکل انجینئرنگ میں زیر تعلیم تھا۔ حیات اللہ کی ایس او ایس ویلیج کی جانب سے صرف ایک سمسٹر کی فیس جمع کرائی گئی اس کے بعد مرحوم طالبعلم نے ہر سمسٹر میں پوزیشن حاصل کرکے قابلیت کی بنیاد پر سکالر شپ حاصل کرتا رہا۔ حیا ت اللہ کو انجینئر بننے کا شوق تھا لیکن قدرت کو شاید کچھ اور ہی منظور تھا۔ حیات اللہ نے ایس او ایس ویلیج میں کبوتر اور مرغیاں پال رکھی تھیں جبکہ وہ بیوٹمز میں کلاسز کے بعد مختلف طلبا کو ٹیوشن پڑھاتا تھا اور ٹیوشن فیس سے جمع ہونیوالی رقم سے موٹر سائیکل خریدی تھی۔ مرحوم طالبعلم نے کچھ عرصہ قبل ایس او ایس ویلیج کی چیئرپرسن کو کہا کہ کسی بھی محکمے میں اس کی انٹرن شپ کروادیں تاکہ وہ انٹرن شپ کے بعد آسانی سے ملازمت حاصل کرسکے کیونکہ وہ اپنے لاچار والد کا سہارا بننا چاہتا تھا۔ دریں اثنا ایس او ایس ویلیج کی چیئرپرسن روشن خورشید بروچہ اور ڈائریکٹر یوتھ سیف اللہ نیازی نے حیات اللہ کی ناگہانی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے