کراچی (پریس ریلیز) پاکستان کوسٹ گارڈز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ پسنی (بلوچستان) سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔ جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈرنے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی، موبائل گشت کے دوران پسنی سے تقریباً 35 کلو میٹر دور چکولی کے مقام پر پہاڑوں میں چھپائی گئی 800 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کرلی گئی۔ خدشہ ہے کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔ جبکہ ایک اور کاروائی کے دوران کراچی سپر ہائی وے کے قریب واقع چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران ایک ایل پی جی گیس ٹینکر سے 26,730 کلو گرام چھالیہ برآمد کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پکڑی جانے والی چھالیہ اور منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً – /1,285.46ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف ِ عمل ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔
![]()