Home / اہم خبریں / مہنگائی کے ذمہ دار وزیر اعظم کے دائیں بائیں موجود ہیں، پہلے ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

مہنگائی کے ذمہ دار وزیر اعظم کے دائیں بائیں موجود ہیں، پہلے ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے ذمہ دار آپ کی کابینہ، حکومتی ایوان اور پی ٹی آئی میں دائیں بائیں موجود افراد ہیں۔ آپ پہلے ان کے خلاف سخت کاروائی کر کے دکھائیں۔ احتساب کا عمل اپنی کابینہ سے شروع کریں اس کے بعد کسی اور کی بات کریں۔ ملک میں آئی ایم ایف کی ٹیم پھر آئی ہوئی ہے اس کی ہر بات اور ہر شرط آنکھیں بند کر کے نہ مانی جائیں۔ قیمتی ملکی وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور حقیقی معنوں میں کشکول توڑ دیا جائے۔ کرپشن کا نعرہ لگا کر آنے والی پی ٹی آئی حکومت نے پچھلی حکومتوں کی تمام تر کرپشن کے ریکارڈز توڑ دیئے ہیں۔ وزیر اعظم اگر قوم کا حقیقی دکھ درد رکھتے ہیں، ملک و قوم کی بہتری چاہتے ہیں تو اپنے وزراء اور مشیروں کے خلاف سخت کاروائی کر کے عوام کو مہنگائی کے عذاب اور اشیائے ضروریہ کے مصنوعی بحران سے نجات دلانے کے لئے ٹھوس عملی اقدامات کریں۔ مہنگائی کا گھوڑا بے لگام ہوتا جا رہا ہے اور عوام کی امیدیں اور قیمتی جانیں اس کے تلے کُچلی جا رہی ہیں۔ عوام کو مایوس نہ کیا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت کے ڈیڑھ سالہ دور میں مہنگائی کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ غریب عوام دال اور سبزی کو بھی ترس گئے ہیں۔ مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کا یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ اگر وزیر اعظم عمران خان واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں تو اس کام کا آغاز آپ کو اپنی ذات سے شروع کرنا ہوگا۔ عوام نے پی ٹی آئی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ کر لی تھیں کہ یہ حکومت مہنگائی کم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے وعدوں کو پورا کرے گی لیکن تمام خوابوں کی تعبیر الٹی ملی اور مہنگائی ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ گئی۔پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے رجوع نہ کرنے اور بھیک کا کشکول توڑ دینے کے عزم کو مٹی میں ملا دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لئے سوچے سمجھے بنا ہی روپے کی قدر میں کمی، گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بارہا ہوشربا اضافہ کیا گیا۔ الطاف شکور نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی کہ خدارا آئی ایم ایف کے ساتھ شروع ہونے والے مذاکرات میں بجائے منی بجٹ لانے یا تین سو ارب روپے کے مزید نئے ٹیکسز لگانے کے عوام اور ملک کے  مفاد ات کو مقدم رکھتے ہوئے ایسے فیصلے کئے جائیں جس سے قوم کا ٹوٹتا ہوا اعتماد آپ پر بحال ہو سکے۔ عالمی ساہوکاروں کی غلامی کرتے ہوئے ان کی بھلائی اور مفادات کے لئے کام کرنا بند کیا جائے۔ آئی ایم ایف کی ہر بات اور ہر شرط آنکھ بند کر کے نہ مانیں اور بجائے اس کے اپنے ملکی وسائل کو بروئے کار لائے جائیں۔ اپنے زمینی اور فضائی راستے، معدنیات اور قیمتی دھاتیں دوسروں کو مفت دینا بند کیا جائے تاکہ کشکول لے کر دنیا بھر میں بھیک مانگنے سے نجات مل سکے۔ حقیقی تبدیلی اپنے حوصلوں کے ساتھ اپنے وسائل کو درست استعمال کرنے سے آئے گی محض خالی خولی دعوؤں کا ڈھول پیٹنے سے نہیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایبٹ آباد میں آئی ٹی ایف–پی ٹی ایف وہیل چیئر ٹینس کوچنگ کیمپ کا آغاز

ایبٹ آباد، (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے