ہری پور (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ہری پور پولیس نے بین الصوبائی کارلفٹر گروہ و موٹر سائیکل چور گینگ کے ملزمان کو گرفتار کرکے 8 عدد سرقہ شدہ گاڑیاں اور 13 موٹر سائیکل برآمد کرلئے۔ تھانہ سٹی ہری پور پولیس اور اینٹی کارلفٹنگ سیل کی کامیاب کاروائیاں۔ مختلف مقامات سے چوری ہونے والی 8 عدد گاڑیاں اور 13 موٹر سائیکل برآمد کرلئے گئے۔ ہری پور گزشتہ ماہ کے دوران تھانہ سٹی و دیگر تھانہ جات کی حدود سے مختلف گاڑیاں و چوری کے متعلق مقدمات کا اندراجات ہوا۔ ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد اللہ نے گاڑیاں چوری کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام چوری شدہ گاڑیوں کی برآمدگی کے لئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر افتخار خان سواتی کی سربراہی میں 5 رکنی اینٹی کارلفٹنگ سیل تشکیل دیا۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر افتخار خان سواتی کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی ہارون خان اور ٹیم نے دن رات محنت کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گاڑیاں چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی شناخت کی۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپہ زنیاں عمل میں لائی گئیں۔ گاڑیاں چوری کی وارداتوں میں ملوث 5 رکنی گروہ کے ملزمان محمد عادل ولد سلطان سکنہ بانڈی باغ ایبٹ آباد، طارق خان ولد عارف خان کیہال ایبٹ آباد، جواد خان ولد عارف خان سکنہ شیخ البانڈی، نعیم گل ولد حسن دین اور توقیر احمد ولد بشیر احمد ساکنان نواں شہر ایبٹ آباد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ملک کے مختلف حصوں سے 8 عدد گاڑیاں جس میں 3 عدد کیری ڈبے، 1 پوٹھوہار جیپ، 1 عدد موٹر کار ایکس ایل آئی، کلٹس موٹر کار اور سوزوکی برآمد کرلی گئی۔ دیگر موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 2 رُکنی گروہ نوید احمد ولد حسیب اور شہباز ولد طارق ساکنان سکندر پور کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کی نشاندہی پر مختلف علاقوں سے چوری کیے گئے 13 موٹر سائیکل بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔ ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور آصف گوہر خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ گرفتار ملزمان سے ضلع ہری پور سے چوری تمام گاڑیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ ملزمان کو مزید تفتیش اور جسمانی ریمانڈ کے لئے آج عدالت پیش کیا جائے گا۔ جن سے مزید ریکوری و انکشافات متوقع ہے۔ تمام برآمد شدہ گاڑیوں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جائے گا۔ ہری پور پولیس جرائم کے خاتمے کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے اور عوامی تعاون کے زریعے جرائم کے خاتمے کے لئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
![]()