کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا ہے کہ ہر سال لاکھوں طلبہ کو اپنی عام اور پروفیشنل تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمتیں نہیں ملتی ہیں جو ہم سب کے لیے چیلنج ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی نے بھی مین پاور کی ضرورت کو کم کر دیا ہے اب 30 ملازمین کی جگہ ایک مشین نے لے لی ہے جس کی وجہ سے بھی بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹریڈیشنل ملازمتیں اب متروک ہوتی جارہی ہیں، ترقی یافتہ ممالک میں بھی جدید تکنیکی سہولیات کی وجہ سے نوکری سے محروم ہو رہے ہیں جس کا ہمیں متبادل راستہ تلاش کرنا ہوگا۔ وہ نیو پورٹس انسٹی ٹیوٹ آف کمیونیکیشن اینڈ اکنامکس میں طلبہ اور فیکلٹی ممبران انٹرپرنیور شپ تھرو انوولیشن کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین نیو پورٹس انسٹی ٹیوٹ بریگیڈیئر (ر) صادق جمال، کو چیئرپرسن ہما بخاری اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے محمد اسلم عقیلی نے مزید کہا کہ اب تعلیمی ماحول تبدیل ہو رہا ہے ماضی میں ہم اپنے اساتذہ اور کتابوں پر انحصار کرتے تھے لیکن آج انٹرنیٹ گوگل نے دنیا بھر سے متعلقہ سبجیکٹ پر دنیا میں ہونے والی جدید ریسرچ تک رسائی آسان کردی ہے۔ طلبہ استفادہ کرسکیں۔ مہران یونیورسٹی میں ریسرچ اور ڈیولپمنٹ پر جدید خطوط پر کام جاری ہے، نیو پورٹس انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ کو بھی دعوت ہے کہ وہ مطالعاتی دورے پر جامشورو آئیں طلبہ کو پروجیکٹ بیس مضامین پڑھنے چاہئیں۔ اسی طرح سوسائٹی کے مسائل اور روزمرہ کے مسائل کو اپنا سمجھا جائے کہ میں خود کیا کر سکتا ہوں مسائل خود بخود کم ہوتے جائیں گے۔ طلبہ کو مستقبل میں ریسرچ ڈیولپمنٹ، زبان، تعلیمی آگہی، اسکلز ڈیولپمنٹ پر توجہ دینی ہوگی۔ نیو پورٹس کے طلبہ کا اسکلز اور اعتماد دیکھ کر خوشی ہوئی کہ طلبہ صحیح سمت میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بریگیڈیئر جمال نے خیرمقدمی کلمات کے بعد کہا کہ ڈاکٹر عقیلی کی سربراہی میں مہران یونیورسٹی نے سندھ میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ آر اینڈ ڈی پر بہت کام ہو رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلبہ کو بھی آپ کی درسگاہ سے کچھ سیکھنے کے مواقع ملیں۔ ہما بخاری نے کہا کہ آج ڈاکٹر عقیلی کے خطاب سے طلبہ کو سیکھنے کا موقع ملا 2013سے نیو پورٹس کا مہران یونیورسٹی کے ساتھ قدیم رشتہ ہے۔ 2025 کا وژن ہم آپ کی سرپرستی میں حاصل کرنا چاہتے ہیں، ہمارے طلبہ نے بھی آجکل پروفیشنل سبجیکٹ پر پڑھنے کا آغاز کر دیا ہے ڈاکٹر عقیلی نے جو مشورے دیے ہیں ہمارے طلبہ ضرور اس پر عمل پیرا ہوں گے۔ بریگیڈیئر صادق جمال اور ہما بخاری نے ڈاکٹر عقیلی کو یادگار شیلڈ پیش کی۔
![]()