کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سینئر صحافی، اینکر پرسن، مصنف اور اسکرپٹ رائٹر محبوب شیخ نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین وسیع پیمانے پر تجارت کے مواقعے موجود ہیں، پاکستانی نوجوانوں کا مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں روشن اور تابناک ہے۔ پاکستانی طالبعلموں کو اسٹوڈنٹ ڈائریکٹ اسٹریم کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیئے جس کے لئے ملک کے تعلیمی اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے موقع پر کہی۔اس موقع پر پی ایف یو جے کے سیکریٹی جنرل اور سینئر صحافی سہیل افضل، کراچی پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر، کراچی پریس کلب کے سینئر صحافی راجہ کامران، رضوان بھٹی، عامر فاروق، انجم وہاب، کاشف منیر، کفیل احمد، بلال احسن، مظہر علی، محمد واحد، رفیق بشیر، عبدالوہاب، شہزاد احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ محبوب شیخ نے بتایا کہ کینیڈا کی آبادی 37 ملین سے زائد پر مشتمل ہے جس میں پاکستانیوں کی تعداد تقریباً 5 لاکھ کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی ہمہ وقت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کچھ کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔ کینیڈا اور پاکستان کے تعلقات اور تجارتی لین دین کو بڑھانے لئے آئی ٹی انڈسٹری میں جوائنٹ وینچر کے وسیع مواقعے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور صحت کے شعبے سے پاکستان بھی بھرپور فائدہ حاصل کرسکتا ہے، جبکہ تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کے لئے کینیڈا دنیا کا بہترین ملک ہے جہاں تعلیم یافتہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قیمتی زر مبادلہ میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ محبوب شیخ نے کہا کہ پاکستانی سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم عمران خان فوری طور پر حکومتی اعلیٰ سطحی وفد کو نارتھ امریکا کا دورہ کرانے لئے ہدایات دیں تاکہ پاکستان سیاحتی سیکٹر کے ذریعے پاکستان کو 5 ملین ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعتکار کینیڈا میں بڑھتی ہوئی امیگریشن سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں اور کینیڈا پاکستان کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اپنی عنقریب شائع ہونے والی کتابوں ” چائنا پاکستان اکنامی کوریڈور، ہیرو آف دی نیشن محمد علی جناح، تھوٹ نیور ڈائی اور پاکستان سے کینیڈا تک” کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے سینئر صحافی اور اینکر محبوب شیخ کی جانب سے بیرون ممالک میں اپنے پروگراموں کے ذریعے پاکستانی مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے اور ملکی امیج کو بہتر بنانے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سہراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محبوب شیخ پاکستانی صحافتی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ملکی تعمیر و ترقی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لئے اپنی عملی جدوجہد کے ذریعے موثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے عہدیداران کی جانب سے محبوب شیخ کو سندھی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔
![]()