میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ میرپورخاص ضلعے میں پولیو وائرس کی موجودگی لمحہ فکریہ ہے پولیو وائرس کو ختم کرنے کیلئے بہتر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ انسداد پولیو مہم کی کارکردگی اور آئندہ شروع ہونے والی مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں گذشتہ مہم کے دوران بہتر کارکردگی دکھانے والی لیڈی ہیلتھ ورکروں، لیڈی ہیلتھ سپروائزروں، ویکسینیٹروں، ایریا انچارجوں، تعلقہ سپروائزروں، اسسٹنٹ تعلقہ سپروائزروں، یو سی ایم اوز، تعلقہ فوکل پرسنز اور دیگر عملے کو تعریفی اسناد تقسیم کئے گئے انہوں نے کہا کہ آئندہ مہم میں بہتر کارکردگی دکھانے والوں میں تعریفی اسناد کے ساتھ نقد انعام بھی دئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس پر کنٹرول کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگر کوئی سرکاری ملازم بچوں کو پولیوسے بچاؤکے قطرے پلانے سے انکار کرے تو اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے انہوں نے پولیو مہم ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران غیر موجود بچوں کو واپسی پر قطرے پلاکر ہدف مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ یونین کونسل میڈیکل افسران کو مضبوط کرکے یونین کونسل سطح پر مہم کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورکروں کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے جن ورکروں کے پاس بچوں کی تعداد زیادہ ہے ان کو کم تعداد والے ورکروں میں تقسیم کیا جائے انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ورکروں کو مقررہ وقت پر فیلڈ میں پہنچنا چاہئے۔ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا موئثر کردار اداکرنا چاہئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ڈاکٹر نارائن داس نے بتایا کہ 17 سے 21 فروری 2020 تک ضلع میرپورخاص سمیت پورے پاکستان میں انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی ضلع میرپورخاص میں مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اجلاس میں روینیو، صحت، پولیس، تعلیم اور متعلقہ محکموں کے افسران سمیت علماء کرام اور این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔
![]()