میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) تنظیم بانہہ بیلی کے وومن لیڈر شپ گروپ کے ضلعی کوآرڈینیٹر محمد بخش کپری، رفیق لغاری، محترمہ رضیہ اور محترمہ ناہید اختر ایڈوکیٹ پر مشتمل ایک وفد نے ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ آفس کا دورہ کیا اور متحدہ رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے قائم کردہ ڈسپلے سینٹرز میں عوام کی عدم دلچسپی پر بات چیت کی گئی اور ووٹر لسٹوں میں ناموں کے اندراج، درستگی، منتقلی اور اعتراضات کے سلسلے میں عوام کو آگاہ کرنے پر زور دیا گیا۔ وفد نے کہا کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں تشہیرکے باوجود عوام کی عدم دلچسپی لمحہ فکریہ ہے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے نگراں انچارج خوشی محمد مغل نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے ذمہ داران و کارکنان، عوام کو ڈسپلے سینٹرز میں نئے ناموں کے اندراج اور دیگر امور کے حوالے سے آگاہ کررہے ہیں اور انہیں راغب کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلے سینٹرز پر تعینات عملے کی مناسب تربیت نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نہ صرف ملک کے غریب و مظلوم عوام کے جائز حقوق کے حصول بلکہ خواتین کے حقوق اور احترام کی بحالی کے لئے کوشاں ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے خواتین میں شعور بیدار کیا اور خواتین کو با اختیار بنانے کی جدوجہد کا آغاز کیا۔ اس موقع پر رکن سندھ تنظیمی کمیٹی فقیر محمد میمن، ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارج آفاق احمد خان اور ڈسٹرکٹ کمیٹی ممبر فہیم عباس خان بھی موجود تھے۔
![]()