راجن پور (رپورٹ: انعام باری) 11 لاکھ نفوس کی آبادی پر مشتمل ریونیو، رقبہ اور آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑی تحصیل جام پور سیاست دانوں اور منتخب نمائندوں کے مسلسل وعدوں کے باوجود تاحال ضلع کا درجہ حاصل نہ کر سکی اور نہ ہی سوئی گیس مل سکی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی صدر ملک احسان عمران آرائیں، صدر انجمن ٹوبیکو آڑھتیان تحصیل جام پور ملک محمد علی فریدی، ٹکٹ ہولڈر پاکستان پیپلز پارٹی ملک سبطین سرور آرائیں، صدر انجمن آڑھتیان سبزی منڈی ملک شاہجہان آرائیں، چیئرمین جام پورضلع محاذ عبدالروف خان لنڈ، صدر ملک اسحاق علیم ایڈووکیٹ، کنوینئر آواز حقوق جام پور آفتاب نواز مستوئی، مولانا محمد فہد خان کھوسہ، مولانا مفتی محمد عمر خان گورمانی، سعداللہ قریشی، ملک راشد ظہور آرائیں، سجاد احمد کھوسہ، مولانا قاضی انعام باری، محمد جاوید کھوکھر، محمد طارق بھٹی، ابرار حسین قریشی، جام احمد علی آرائیں، چوہدری اعجاز مشتاق، دلشاد انجم ہاشمی سمیت دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1997میں جام پور شہر 38 کروڑ روپے کی لاگت سے سوئی گیس کی پائپ لائن شہر بھر میں بچھائی گئی اور اس وقت کے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس جاوید جبار نے با قاعدہ افتتاح بھی کر دیا تھا صرف کنکشن ملنا تھا مگر آج تک کوئی عملد ر آمد نہ ہو سکا یہاں سے ہر جنرل الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں نے مسلسل اپنے انتخابی منشور میں جام پور کو ضلع کا درجہ دینے اور سوئی گیس فراہم کرنے کا وعدہ کیا مگر آج تک کسی نے ایفاء نہ کیا 2018 کے الیکشن میں تمام جماعتوں کے امیدواروں نے جام پور کے نوجوانوں کو با قاعدہ بیان حلفی لکھ کر دیے اور ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا کہ کامیاب ہو کر جام پور کو ضلع بنائیں گے یہاں سے مسلسل کامیاب ہونے والے ایم این اے جعفر خان لغاری اور ان کے عزیز ایم پی اے محسن خان لغاری یہاں سے منتخب ہوئے اب جبکہ وہ موجودہ حکومت کا اہم ترین حصہ ہیں انہوں نے اس سلسلہ میں آج تک کوئی پیش رفت تو کجا ٹوٹے پھوٹے اجڑے شہر جام پور کیلئے کوئی میگا پراجیکٹ تک بھی نہ دے سکے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ جام پور کی قدیمی، تاریخی، ثقافتی حیثیت اور عوامی مطالبات کے پیش نظر جام پور کو فی الفور ضلع کا درجہ دیا جائے اور سوئی گیس فراہم کی جائے۔ واضح رہے کہ اس سلسلہ میں تحصیل بھر کی جامع مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں بھی قراردادوں کی منظوری کے علاوہ باری ایسوسی ایشن جام پور، سابقہ میونسپل کمیٹی جام پور اور متعدد یونین کونسلوں میں بھی متفقہ قرار دادوں کے ذریعہ ان مطالبات کو با ر بار دہرایا جا چکا ہے اور ذرائع کے مطابق سابقہ ڈپٹی کمشنر راجن پور رانا محمد افضل ناصر کی جانب سے بھی حکومت پنجاب کو ضلع کا درجہ دینے کی مکمل رپورٹ بھجوائی جا چکی ہے۔
![]()