Home / اہم خبریں / کشمیر کالونیوں کے لئے جن کشمیریوں کے نام الائمنٹ کی گئی ہے قبضہ بھی ان کے حوالے کیا جائے، غیر تصدیق شدہ انتقالات کی تصدیق بھی یقینی بنائی جائے۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن

کشمیر کالونیوں کے لئے جن کشمیریوں کے نام الائمنٹ کی گئی ہے قبضہ بھی ان کے حوالے کیا جائے، غیر تصدیق شدہ انتقالات کی تصدیق بھی یقینی بنائی جائے۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن

ایبٹ آباد (رپورٹ: عتیق سلیمانی) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے ہزارہ کے تمام اضلاع میں کشمیر کالونیوں کے لئے مختص شدہ اراضی کی مکمل تفصیلات طلب کرلی ہیں اور متعلقہ محکموں کو حکم دیا ہے کہ وہ ان اراضی کو ہر قسم کی تجاوزات اور تنازعات وغیرہ سے پاک کرکے انہیں بے گھر مستحق کشمیریوں کے حوالے کرنے کے اقدامات کریں۔ یہ حکم انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر کے رکن ماجد خان کی قیادت میں ملنے والے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے جاری کیا۔ ملاقات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد شہاب محمد خان، اسسٹنٹ کمشنر ریو نیو اسد لودھی سمیت متعلقہ ریونیو افسران، کمشنر و اسسٹنٹ کمشنر آزاد کشمیر، صدر و عہدیدارن کشمیر کالونی کمیٹی اور دیگر متعلقہ افراد بھی شر یک تھے۔ ایم ایل اے ماجد خان نے اس مو قع پر واضح کیا کہ بے گھر کشمیریوں کی آباد کاری کے لئے ہری پور میں 42 کنال، حویلیاں میں 15 کنال، ایبٹ آباد میں 44 کنال مانسہرہ میں 42 کنال اور شنکیاری مانسہرہ میں 28 کنال رقبہ خرید کر مختص کیا گیا تھا۔ تاہم کسی وجہ سے باقاعدہ کالونیاں تا حال قائم نہیں کی جا سکیں۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ا پنے ضلع میں کشمیر کالونیوں کے لئے خریدے گئے 171 کنال رقبہ جات کی 1947 کے ریکارڈ کے مطابق نشاندہی کریں اور جس اراضی پر تجاوزات پائی جائیں انہیں فوری طور پر تجاوزات سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن کشمیریوں کے نام الائمنٹ کی گئی ہے قبضہ بھی ان کے حوالے کیا جائے اور غیر تصدیق شدہ انتقالات کی تصدیق بھی یقینی بنائی جائے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایبٹ آباد میں آئی ٹی ایف–پی ٹی ایف وہیل چیئر ٹینس کوچنگ کیمپ کا آغاز

ایبٹ آباد، (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے