کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جوبلی انشورنس کے پیش کردہ اوساکا بیٹریز کپ برائے پاکستان سری لنکا ٹیسٹ سیریز 2019 کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور ان کی مالیت کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیدیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیسٹ میچز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 7 دسمبر کو شروع ہوگی۔ شائقین کرکٹ
http://yayvo.com
سے ٹکٹ آن لائن بک کرسکتے ہیں تاہم پہلے ٹیسٹ میچ کے راولپنڈی میں ٹی سی ایس کے مقررہ کردہ سنٹرز سے ٹکٹ کی فروخت بھی 7 دسمبر سے شروع ہوجائے گی جبکہ کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹی سی ایس کے سنٹرز پر ٹکٹس 9 دسمبر سے دستیاب ہوں گے۔ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے موقع پر پی سی بی نے ٹکٹوں کی مالیت 50 روپے مقرر کی ہے۔ پنڈی اسٹیدیم میں شعیب اختر انکلوژر کے ٹکٹس پچاس روپے میں دستیاب ہوں گے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاوید میاں داد، فضل محمود، قائد، وسیم اکرم، عمران خان، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کے ٹکٹس پچاس روپے میں دستیاب ہوں گے۔ علاوہ ازیں روزانہ کی بنیاد پر اسکولوں اور کالجوں کے لیے بڑی تعداد میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے جس کا مقصد نئی نسل کو کھیل کی طرف لانا ہے۔ شائقین کرکٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ٹی سی ایس سنٹرز سے ٹکٹوں کی خرید کے وقت قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ دس ٹکٹس خریدے جاسکیں گے۔
![]()