Home / اہم خبریں / نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں واد عالم اور سرفراز احمد کے درمیان 278 رنز کی شاندار شراکت سندھ کو میچ میں واپس لے آئی ہے، فواد عالم کی ڈبل سینچری

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں واد عالم اور سرفراز احمد کے درمیان 278 رنز کی شاندار شراکت سندھ کو میچ میں واپس لے آئی ہے، فواد عالم کی ڈبل سینچری

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) فواد عالم اور سرفراز احمد کے درمیان 278 رنز کی شاندار شراکت سندھ کو میچ میں واپس لے آئی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کی پہلی اننگز میں سدرن پنجاب کے 517 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم 486 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ میچ کے تیسرے روز سعد علی نے فواد عالم کے ہمراہ 124 رنز کے مجموعے سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو وہ اپنے انفرادی اسکور میں 4 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے۔ سعد علی نے 60 رنز بنائے۔ جس کے بعد چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے سرفراز احمد نے فواد عالم کے ہمراہ عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ شروع کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکلات کا شکار سندھ کی ٹیم کا مجموعہ 428 تک پہنچا دیا۔ فواد عالم نے ٹورنامنٹ کی ساتویں ڈبل سنچری اسکور کی۔ 211 رنز پر مشتمل ان کی اننگز میں 25 چوکے شامل تھے۔ کپتان سرفراز ازحمد نے 13 چوکوں کی مدد سے 131 رنز کی اننگز کھیلی۔ سندھ کی ٹیم 132 اوورز میں 486 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے بلاول بھٹی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسری طرف این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم خیبر پختونخوا کے خلاف جاری میچ میں شدید مشکلات کا شکار ہے۔ 325 رنز کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کے 4 کھلاڑی محض 13 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے فاسٹ باؤلر عثمان شنواری نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد سعد اور عمر اکمل میچ کے آخری روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز سے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پوری ٹیم 228 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خالد عثمان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 127 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی خیبر پختونخوا کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ پہلی اننگز میں 4 شکار کرنے والے سنٹرل پنجاب کے اسپنر ظفر گوہر نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔ 42 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم کو میچ کے تیسرے روز بھی مشکلات کا سامنا رہا۔ کھیل کے اختتام پر 189 رنز بنانے والی بلوچستان کی ٹیم کے 8 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ تاحال ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر نعمان علی میچ میں 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں۔ بسم اللہ خان اور محمد اصغر میچ کے آخری روز بلوچستان کی جانب سے کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ اس سے قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز سے پہلی اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی پوری ٹیم 342 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین جمال انور 93 اور سرمد بھٹی 86 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بلوچستان کی جانب سے تاج ولی نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

 

About admin

یہ بھی پڑھیں

IoBM Squash Satellite Championship 2026 Concludes Successfully in Karachi

By Zeeshan Hussain Karachi: The inaugural IoBM Squash Satellite Championship 2026 concluded successfully after four …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے