کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے وفد کے دورہ کاٹی کے موقع پر کہا ہے کہ نسٹ کا ادارہ پاکستان کے تعلیمی شعبے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ شعبہ تعلیم میں حکومت اور صنعتکاروں کے درمیان رابطوں کا فقدان ہے، معاشی ترقی کے لیے صنعتی شعبے اور اکیڈیماں کے مابین تعلق ناگزیر ہے اور انڈسٹری، حکومت اور یونیورسٹیوں کے باہمی رابطوں سے سائنسی تحقیق کے شعبے کو فروغ دیا جاسکتا ہے، جس سے پاکستان بھرپور استفادہ کرسکتا ہے۔ کاٹی کے نائب صدر سید واجد حسین نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں حکومت کو مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، دیگر شعبوں کی طرح اس میں بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سیمینار اینڈ ورکشاپ ذکی شریف نے کہا کہ کاٹی اور نسٹ کی جانب سے آئندہ ہونے والے اجلاس میں ایم او یو اور مشترکہ کمیٹی کی تشکیل سے متعلق امور طے کیے جائیں گے۔ وفد کی سربراہی ریئر ایڈمرل ڈاکٹر نصر اکرام پروریکٹر نے کی جبکہ وفد میں ماریہ قادری ہیڈ آف ایڈوانسمنٹ، مہتاب احمد مینجر ایڈوانسمنٹ اور ثناء منیر بھی شامل تھیں۔ ڈاکٹر نصر اکرام نے بتایا کہ نسٹ پاکستان کی نمبر ون سائنس و ٹیکنالوجی ہے جس میں 70000 طلباء و طالبات ٹیسٹ میں شرکت کرتے ہیں اور اس میں سے تقریباً 2000 کامیاب قرار پاتے ہیں انہوں نے کہا کہ انڈسٹری اور یونیورسٹیوں کے تعاون میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے، یہ اجلاس صنعتی شعبے سے یونیورسٹی کے روابط مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ماریہ قادری ہیڈ آف ایڈوانسمنٹ نے شرکاء کو نسٹ کے بارے میں پریزینٹیشن بھی پیش کی۔
![]()