کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد اور جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے ٹرین کے المناک حادثہ میں بڑی تعداد میں مسافروں کے جانبحق و زخمی ہونے کے واقعہ پرگہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس واقعہ نے پوری قوم کو غمزدہ کردیا ہے۔ واقعہ پری پلان لگتا ہے۔ فوری و شفاف عدالتی تحقیقات کی جائیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ یہ المناک سانحہ کہیں دھرنے، ہڑتال اور مہنگائی سے توجہ ہٹانے کی سازش تو نہیں؟ مسافر جلتے رہے، مرتے رہے اور ٹرین چلتی رہی۔ تمام عملہ کہاں تھا؟ ٹرین کو بروقت کیوں نہیں روکا گیا؟ وزیر ریلوے، سیکریٹریز اور ریلوے حکام کو اس المناک واقعہ پر اپنی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاسبان اور ملک بھر کے عوام اس المناک سانحہ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو معاوضہ فی الفور معاوضہ فراہم کیا جائے اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی نہ برتی جائے۔ اس المناک واقعہ کی مکمل و شفاف تحقیقات تک ریلوے کے کسی بھی ذمہ دار کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی جائے۔
![]()