کولمبو (سپورٹس ڈیسک) اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 65 رنز سے شکست دے دی۔ نیوی گراؤنڈ کولمبو میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 48 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 181رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 116رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز ایمرجنگ کرکٹ ٹیم کی کپتان رامین شمیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ مرشدہ خاتون اوراشما انجم پر مشتمل بنگلہ دیش ایمرجنگ ویمنز ٹیم کی اوپننگ جوڑی نے 61 رنز کی ابتدائی شراکت قائم ، جس کے بعد پاکستان کی اسپنرز نے میچ کا کنٹرول سنبھال لیا اور ایک کے بعد ایک حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ میں اپنی گرفت مضبوط کی۔ بنگلہ دیش ویمز ایمرجنگ ٹیم نے مقررہ 48 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ اوپنر مرشدہ خاتون 69 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے 25 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سیدہ عروب شاہ اور فاطمہ ثناء خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ طوبٰہ حسین نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 181 رنز کے تعاقب میں قومی ویمنز ایمرجنگ ٹیم 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہی اور زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکی۔ مڈل آرڈر بیٹر منیبہ علی صدیقی 27 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں۔ قومی ویمنز ایمرجنگ ٹیم کی 6 کرکٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ربیعہ اور شیلا شرمین نے بالترتیب 5 اور 20 رنز کے عوض 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
![]()