کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈز اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی منانے والے تمام شہری اس موقع پر ملک کے لیے امن، خوشخالی اور ترقی کی خصوصی دعائیں مانگیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی غیرمسلموں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ہفتہ کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ دیوالی کو برائی پر اچھائی اور اندھیروں پر روشنی کی فتح کے طور منایا جاتا ہے، پیپلز پارٹی کا فلسفہ بھی اندھیروں، ناانصافیوں اور عدم مساوات کے خلاف لڑنا ہے۔ پیپلز پارٹی پاکستان میں آباد تمام غیر مسلموں کا تحفظ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے مسلمان، سکھ، ہندو، مسیح، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے شہری ہیں اور آئین پاکستان کے تحت تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ دیوالی کا تہوار اتحاد اور یکجہتی کیساتھ خدمت کا احساس بیدار کرتا ہے اور یہ تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔ نوید بھٹی نے کہا کہ غیر مسلموں نے پاکستان کے قیام، دفاع، تعمیر اور ترقی میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو برادری جس طرح پاکستان میں اپنے مذہبی تہوار مناتی ہے، وہ ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں ہر شہری کو بلاامتیاز، نسل و مذہب آزادی ہے اور ہر شعبے میں وہ برابر کے حقدار ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ہندو برادری کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
![]()